ون ڈش کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن ،10شادی ہال سیل

Nov 17, 2023 | 23:06:PM
 ون ڈش کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن ،10شادی ہال سیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(درنایاب)نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب بھر میں شادی ایکٹ ون ڈش کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کے وزراء اور افسران نے رات 10 بجے کے بعد لاہور، راولپنڈی اور دیگر اضلاع کے درجنوں شادی گھروں پر چھاپے مارے،10 شادی ہال سیل، 3 مقدمات درج جبکہ  6 لاکھ سے زائد جرمانے کیے گئے۔

 ضلعی انتظامیہ نے مختلف اضلاع میں ون ڈش اور اوقات کار کی خلاف روزی پر 10 شادی ہال سیل کر دیئے جبکہ 3 ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں،شادی ہالوں کی انتظامیہ کو 6 لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے،صوبہ بھر میں انسپیکشن کے دوران 26 شادی کی تقریبات میں قانون کے خلاف ورزیاں دیکھی گئیں۔

لاہور میں قانون کی خلاف ورزی پر 8 شادی ہال سیل کئے گئے جبکہ 2 کے خلاف مقدمات درج کئے گئے،فیصل آباد میں ون ڈش کی خلاف ورزی پر ایک شادی ہال سیل کیا گیا اور ایک ایف آئی آر درج کی گئی جبکہ دو لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے،گوجرانوالہ میں ون ڈش کی خلاف ورزی پر ایک شادی ہال کو سیل کیا گیا۔ 

بہاولپور میں 30 ہزار جبکہ چکوال، گجرات، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، ننکانہ، اوکاڑہ، پاک پتن اور وہاڑی میں قانون کی خلاف ورزی پر شادی ہالوں کو 50، 50 ہزار روپے جرمانے کئے گئے۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔