پنجاب بہت جلد ن لیگ کے پاس ہوگا،رانا مشہود نے دعویٰ کر دیا

Sep 14, 2022 | 13:58:PM
 پنجاب, ن لیگ ,رانا مشہود,چودھری پرویز الہٰی, ایم پی اے ,پی ٹی آئی
کیپشن: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی کے پاؤں سے زمین کھسک چکی ، پنجاب بہت جلد ن لیگ کے پاس آنے والا ہے،مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ثابت ہونگی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے تھانہ گڑہی شاہو کے باہر ایم پی اے اویس لغاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا  کہ ہم شامل تفتیش ہونے آئے تھے لیکن انہوں نے انکارکر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مقدمے بھی جھوٹ کی بنیاد پر کھڑے ہیں، ڈپٹی سپیکر پر حملہ یہ لوگ کریں اور جھوٹے مقدمے ہمارے خلاف درج کرائے جاتے ہیں، ایک وقوعہ پر 3ماہ بعد پرچہ درج کیا جاتا ہے، یہ عالمی اداروں کو کہتے ہیں کہ پاکستان کی مدد نہ کرو،ہم ظالمانہ کارروائیوں سے ڈرنے والے نہیں،سچ کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔

دوسر ی جانب سیشن کورٹ نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں لیگی رہنما عطا تارڑ سمیت 11 ملزموں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا،  عبوری ضمانتوں کی درخواست کی سماعت کے موقع پر عطا تارڑ، رانا مشہود، سیف الملوک کھوکھر اور اویس لغاری سمیت 11 ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی جبکہ پولیس کی جانب سے نامکمل تفتیشی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔

 سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ ہے۔ ہم پولیس کے پاس خود جا کر شامل تفتیش ہوئے۔  انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے عمران نیازی کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ صوبے کے وسائل کو فوج اور عدلیہ کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔عمران خان کے جلسے میں لوگوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔ پنجاب میں کوئی افسر کام کرنے کو تیار نہیں۔ صوبے میں ریاست مخالف بیانیہ بنایا جا رہا ہے۔

 عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں حکومت کا حق ہمارا بنتا تھا۔ ہمارے 197 اور ان کے 186 ارکان تھے۔ کیا کسی ایک ناکردہ گناہ کی سزا دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 15 سے زیادہ ایم پی اے ہمارے ساتھ ہیں۔ عمران نیازی کو مشورہ ہے وہ جائیں اور انویسٹی گیشن جوائن کریں۔