جھنگ میں طالبہ کیساتھ مبینہ زیادتی، ہلاکت کے مقدمے کا سخت نوٹس

Jun 09, 2026 | 19:24:PM
جھنگ میں طالبہ کیساتھ مبینہ زیادتی، ہلاکت کے مقدمے کا سخت نوٹس
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے ضلع جھنگ میں طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی اور بعد ازاں دورانِ علاج وفات پانے کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مقدمے کو ہائی پروفائل قرار دے دیا ہے۔

 واقعے کی سنگینی اور عوامی اہمیت کے پیش نظر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے مقدمے کا مکمل ریکارڈ اور تفتیشی افسر کو فوری طور پر طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ طالبہ کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ کئی روز زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔

واقعے نے علاقے میں شدید تشویش پیدا کر دی جبکہ عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ مقدمے کی تفتیش ہر پہلو سے میرٹ، شفافیت اور قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کی جائے۔

 انہوں نے زور دیا کہ تمام دستیاب شواہد، فرانزک رپورٹس اور دیگر قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمان کے خلاف مضبوط اور مؤثر مقدمہ تیار کیا جائے تاکہ عدالت میں کیس کو موثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

سید فرہاد علی شاہ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم انتہائی سنگین نوعیت کے ہوتے ہیں اور ایسے مقدمات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی،  انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی گرفت سے کوئی بھی ملزم نہیں بچ سکے گا اور ملوث افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلانے کے لیے تمام قانونی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ مقدمے کی مسلسل نگرانی کرے گا اور تفتیشی اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو۔ پراسیکیوٹر جنرل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مقدمے کی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے اور شواہد کی بنیاد پر مضبوط چالان تیار کر کے ملزمان کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انصاف کی بروقت فراہمی اور مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دلوانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقدمے میں بھی تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات،باہمی تعاون گفتگو