آج پاکستان کا وقت،  عالم اسلام کو بچایا، کامیابی کو مستحکم کرنےکیلئے مزید محنت، سینیٹ میں قیادت کی گفتگو

Apr 08, 2026 | 20:17:PM
آج پاکستان کا وقت،  عالم اسلام کو بچایا، کامیابی کو مستحکم کرنےکیلئے مزید محنت، سینیٹ میں قیادت کی گفتگو
کیپشن: سینیٹر شیری رحمان ایران امریکہ سیز فائر پر سینیٹ میں گفتگو کر رہی ہیں۔ انہوں نے  کامیابی کو مستحکم کرنے  کےلئے دو ہفتے مزید محنت کرنے پر زور دیا۔ 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (عثمان خان)  پاکستان کی کامیاب سفارتکاری سے ایران اور امریکہ کی جنگ بند ہو جانے کے تاریخ ساز واقعہ پر آج پاکستان کی سینیٹ میں بھی  بحث ہوئی۔ اس کامیابی کو عالم اسلام کو درپیش مسائل سے نکالنے کا ذریعہ قرار دیا گیا اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی گئی۔

مزید محنت، کامیابی کو سسٹین ایبل بنائیں؛ سینیٹر سینیٹر شیری رحمان

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئیر لیڈر، سابق وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان نے کہا، پاکستان کی امن کی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ 

شیری رحمان نے کہا، پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ عالمی امن کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ 

شیری رحمان نے کہا، قومی قیادت کے فیصلوں نے پاکستان کے عالمی سطح پر وقار کو  اور مثبت عالمی تشخص کو مستحکم کیا ہے۔ ہم نے سخت محنت سے وہ ذمہ داری ادا کی جو صرف ہماری ذمہ داری نہیں ہے۔  

شیری رحمان نے کہا، اب وقت آ گیا ہے کہ  دوسرے بھی اپنی ذمہ داری کو قبول کریں۔  دو ہفتے اہم ہیں۔ ہمیں اس جنگ بندی کو سلیبریت کرنے کا حق ہے۔ یہ پاکستان کا وقت ہے۔  اسلام آباد معاہدہ کے ساتھ ہے، اسلام ٓٓباد امن کے ساتھ ہے۔

شیری رحمان نے کہا،  اس قائدانہ کردار کے لئے پاکستان کو یاد رکھا جائے گا۔ 

سینیٹر شیری نے کہا، ہم جانتے ہیں کہ سب کچھ داؤ پر لگ چکا تھا۔ ہم اب معاملات کو جہاں لے آئے ہیں، اس سے آگے اس کامیابی کو سسٹین ایبل بنانا ہے، ہمیں سخت محنت کرنا ہے۔  مذاکرات کی کامیابی  خطہ میں امن کا واحد راستہ ہے۔ آنے الی نسلیں جنگ کی متحمل نہیں ہو سکتیں۔ 

رانا ثنا اللہ کی باتیں

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا،  پاکستان نے عالم اسلام کو درپیش مسائل سے نکالا ہے۔  آج پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر تعریف کے مستحق ہیں۔

 رانا ثناء اللہ  نے کہا،  پاکستان نے اعلی درجے کی سفارتکاری کی ۔ ہمسایہ ملک کے خلاف ظلم کو بند کرایا ۔  پاکستان نے عالم اسلام کو درپیش جنگی کیفیت سے بچایا ۔ 

رانا ثنا اللہ نے کہا،  ایک شیطان نیتن یاہو پوری دُنیا کو دوزخ بنانے پر تُلا ہوا ہے۔ 

رانا ثنا اللہ نے کہا،  اسرائیل نے ایران کی آئل تنصیبات پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایران نے سعودیہ میں پر حملہ کر دیا ۔ 

انہوں نے کہا،  تیل کی قیمتوں بارے میں اپوزیشن نے یوم احتجاج کی کال دی ہے۔ دونوں سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے اس یوم احتجاج کو یوم دعا میں تبدیل کریں۔  تیل کی قیمتوں میں کمی اور اضافہ عالمی مارکیٹ کے زریعے ہوتا ہے۔ اگر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ میں کوئی کمی بیشی ہوئی تو ثابت کریں۔ 

رانا ثنا نے کہا،  ایک معزز سینٹر نے کہا کہ ہم نے  بیس جہاز آبنائے ہرمز سے گزارے اور منافع کمایا۔  میں ان معزز سینٹر سے کہوں گا آپ یہ ثابت کریں جو سزا ہوگی ہم تیار ہیں۔

سینیٹر کامران مرتضی کا خطاب

سینیٹر کامران مرتضیٰ  نے  ایوان بالا  میں اظہار خیال  کرتے ہوئے کہا،  حکومت اور پاکستانی عوام مبارکباد کی مستحق ہے۔اپوزیشن میں بیٹھے ہوئے آج حکومت کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہو گی۔

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان، وزیر خارجہ اور چیف آف آرمی سٹاف کو اس پر کریڈٹ جاتا ہے، سب کو مبارکباد دیتے ہیں۔ امن کے لیے جو کوشش کی گئی اس پر کامیابی کے لیے ہم دعاگو ہیں۔ اسرائیل کو ہم تسلیم نہیں کرتے،  امریکا کے ساتھ آج کوئی گلے شکوے نہیں کرتے۔اس لڑائی میں کچھ مسلم ممالک کے لیے بھی فائر کھول دیے گئے تھے۔آئندہ اس بارے میں کوئی میکانزم بننا چاہئیے تاکہ مسلم ممالک ایک ساتھ کھڑے ہوں۔ 

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا،  استحکام لانے کے لیے معشیت اور فری الیکشنز ہونا ضروری ہے۔

ایمل ولی خان کا خطاب

سینیٹ  کے اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما  سینیٹر ایمل ولی خان نے بھی خطاب کیا۔

ایمل ولی خان نے کہا،  آج کا دن پاکستان کے لیے تاریخی دن ہے۔  ایران کی قوم نے دنیا کو دکھایا کہ حق اور باطل کا مقابلہ کیسے ہوتا ہے۔  آج ہم ایران اور امریکہ کی  مداخلت پر زیادہ بات نہیں کریں گے۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا،  آج ہم اپوزیشن والے حکومت کے کردار پر فخر کرتے ہیں۔ ہم وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کو سلام اور مبارکباد پیش کرتے ہیں۔  آج پاکستان نے ثابت کر دیا کہ ممالک کے درمیان آگے بڑھنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔   

ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ  جنگ سے کبھی بھی کسی کا فائدہ نہیں ہوا۔ ہمیں امید ہے کہ آنے والے آٹھ دس دن پاکستان کے لیے مثبت اور اچھے دن ہوں گے ۔

یہ بھی پڑھیئے: جنگ بندی:وفاقی کابینہ کا ملک بھرمیں جمعہ کو یوم تشکر منانےکا اعلان 

ایمل ولی نے کہا، پاکستان امن، پیار اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ آگے بڑھنا ہے تو مستقل امن کے لیے کوشش کرنی ہوگی۔ 

ہمیں اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ  مل کر امن کی بات کرنی چاہئیے۔ ہمیں پورے پاکستان میں امن کا چہرا دیکھنا ہو گا۔

ہماری کچھ حکومتیں کمپرومائزڈ  رہیں، ہم امن کے نشانے پر ہیں۔ میری پارٹی کے ایک ایم پی اے کو عمرے کے لیے نہیں جانے دیا گیا۔ حکومت مجھے بتائے کہ اے این پی کے ممبر کو عمرہ پر کیوں نہیں جانے دیا گیا۔ اس ممبر نے کیا جرم کیا۔  ایسے نظام کے خاتمے کے لیے بھی کوئی بندوبست کریں۔

یہ بھی پڑھیئے:  تاریخ ساز کامیابی، قوم کے فخر کا دن، سارا پاکستان ایک آواز؛ قومی اسمبلی میں رہنماؤں کی گفتگو