آپ نے تو حلقے کے انتخابات کو پہلے ہی متنازعہ بنا دیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ، ناصر راجہ کو پیش کرنے کا حکم 

Feb 07, 2024 | 20:35:PM
آپ نے تو حلقے کے انتخابات کو پہلے ہی متنازعہ بنا دیا ، اسلام آباد ہائیکورٹ، ناصر راجہ کو پیش کرنے کا حکم 
کیپشن: اسلام آباد ہائیکورٹ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احتشام کیانی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی پی او راولپنڈی کو راجہ ناصر کو ساڑھے آٹھ بجے پیش کرنے کا حکم دیدیا،جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ سی پی او راولپنڈی اور ایس ایچ او مورگاہ ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں، جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ آپ نے تو اس حلقے کے انتخابات کو پہلے ہی متنازعہ بنا دیا ہے،راجہ ناصر کو راولپنڈی پولیس نے اسلام آباد سے کیوں گرفتار کیا؟ اسلام آباد کی حدود کا غلط استعمال کیوں کیا جاتا ہے؟ 
اسلام آباد ہائیکورٹ میں راجہ بشارت کے بھائی راجہ ناصر کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر نے درخواست پر سماعت کی، وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے ناصر محمود کو گرفتار کیا ہے،اے آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ راجہ ناصر کے خلاف 9 مئی واقعات پر مقدمہ درج ہے،جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ آپ نے تو اس حلقے کے انتخابات کو پہلے ہی متنازعہ بنا دیا ہے،راجہ ناصر کو راولپنڈی پولیس نے اسلام آباد سے کیوں گرفتار کیا؟ اسلام آباد کی حدود کا غلط استعمال کیوں کیا جاتا ہے؟
جسٹس ارباب طاہر نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ اب آپکو معلوم تو ہو گیا ہے نا کہ راجہ ناصر کہاں ہیں،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ ہم مشکور ہیں کہ عدالت کی مداخلت سے ہمیں معلوم تو ہو گیا، اگر عدالت حکم نہ دیتی تو پھر ہفتوں تک معلوم ہی نہ ہو پاتا۔
جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ آپ کی درخواست اغواءکی تھی اب تو بندے کا معلوم ہو گیا ہے،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ یہ عدالت راجہ ناصر کو پیش کرنے کا حکم دے سکتی ہے، یہ عدالت طلب کر کے راجہ ناصر کو عبوری ضمانت دے سکتی ہے، گرفتاری اسلام آباد کی حدود سے ہوئی یہ عدالت راجہ ناصر کو پیش کرنے کا حکم دے سکتی ہے،راجہ ناصر کو چوبیس گھنٹے کے دوران مجسٹریٹ کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔
جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ واضح بتائیں کہ کیا راجہ ناصر پر تھانہ مورگاہ میں مقدمہ درج ہے؟ ہم ایس ایچ او مورگاہ کو راجہ ناصر کو پیش کرنے کی ہدایت دیں، یہ نہ ہو کہ ہم اس ایس ایچ او کو حکم دیں اور پتہ چلے کہ وہاں ہے ہی نہیں، وکیل درخواست گزار نے کہاکہ عدالت سی پی او راولپنڈی کو پیش کرنے کا حکم جاری کرے، جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ اس طرح تو آپ الیکشن پر شکوک و شبہات کھڑے کر رہے ہیں، وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ راجہ ناصر کی گرفتاری سے الیکشن کی شفافیت پر کوئی سوال نہیں آئے گا،جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ کئی ماہ پہلے کا مقدمہ ہے آج تک گرفتار نہیں کیا گیا، یہ وقت بہت اہم ہے، اس سے پہلے گرفتار نہیں کیا گیا۔
وکیل درخواست گزارنے کہاکہ الیکشن کمیشن کیوں اتنی دلچسپی لے رہا ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی پی او راولپنڈی کو راجہ ناصر کو ساڑھے آٹھ بجے پیش کرنے کا حکم دیدیا،جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ سی پی او راولپنڈی اور ایس ایچ او مورگاہ ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار کو پیش نہ کیا گیا تو الیکشن ملتوی کردینگے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریمارکس