معرکہ حق مسلح افواج کے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کےغیرمتزلزل عزم کی علامت ہے؛وزیرخارجہ

May 05, 2026 | 22:56:PM
معرکہ حق مسلح افواج کے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کےغیرمتزلزل عزم کی علامت ہے؛وزیرخارجہ
کیپشن: معرکہ حق مسلح افواج کے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کےغیرمتزلزل عزم کی علامت ہے؛وزیرخارجہ
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس) نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ  معرکۂ حق  مسلح افواج کے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے معرکۂ حق  کی پہلی سالگرہ کے موقع پر سفارتی کور کو بریفنگ دی جس میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آپریشن  بنیان المرصوص  کے دوران صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور پاکستان کا ردعمل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تھا۔

انہوں نے خطے میں بڑھتی کشیدگی، شہریوں کو نقصان اور امن کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ علاقائی عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے،اسحاق ڈار نے اس مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے اقوام متحدہ کی نگرانی میں اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ اقدامات سے گریز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون، امن مشنز اور عالمی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے خلیجی خطے اور مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سہولت کاری اور ثالثی کے ذریعے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیا میں مکالمے، سفارتکاری اور پُرامن بقائے باہمی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا  جبکہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے قوم اور مسلح افواج کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔

 دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور “معرکۂ حق” کی سالگرہ پر پاکستان کو مبارکباد دی۔

چینی سفیر نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں آزمودہ  سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ اسحاق ڈار نے بھی دونوں ممالک کے درمیان آہنی مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں، اسحاق ڈار کی زیر صدارت قونصلر امور سے متعلق اہم اجلاس بھی منعقد ہوا  جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسحاق ڈار نے ہدایت دی کہ پاکستانی شہریوں، خصوصاً بیرون ملک مقیم افراد کے لیے قونصلر خدمات کو مزید بہتر اور آسان بنایا جائے، انہوں نے پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو مؤثر بنانے اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق  عوام،حکومت اور افواجِ پاکستان کےدرمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے؛فیلڈ مارشل