ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 402 رنز کے ہدف

Nov 04, 2023 | 09:43:AM
ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 402 رنز کے ہدف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(افضل بلال)بھارت میں جاری آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے پہاڑ جیسے 402 رنز کے ہدف میں پاکستان کی جارحانہ بلے بازی جاری، اس وقت بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا، اگر بارش نہ رکی تو پاکستان 10 رنز کے ساتھ میچ میں فاتح قرار پائے گا۔

نیوزی لینڈ کے 402 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں شاہینوں کا مایوس کن آغاز ہوا، دوسرے ہی اوور میں 6 رنز کے مجموعی سکور پر پہلی وکٹ گنوائی، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق 9 گیندوں کا سامنا کر کے 4 رنز ہی بنا سکے، وہ ساؤتھی کی گیند پر کین ویلمسن کو کیچ تھما بیٹھے، کپتان بابراعظم اور اوپنر فخر زمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو 160 رنز تک پہنچایا، فخر زمان شاندار سینچری کے بعد 106 رنز جبکہ بابر اعظم 47 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

کیویز نے بیٹنگ کے آغاز پر محتاط انداز اپناتے ہوئے 7ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے تاہم 68 رنز کے مجموعی سکور پر بلیک کیپس کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، کیوی اوپنر ڈیون کانووے 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

کیوی کپتان کین ولیمسن نے کریز پر آکر جارحانہ کھیل کا آغاز کیا اور بلیک کیپس نے 29 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز مکمل کئے، بعدازاں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 79 گیندوں پر 95 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 261 رنز کے مجموعے پر گری، کیوی بلے باز رچن رویندرا نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 94 گیندوں پر 108 رنز بنا کر وسیم جونیئر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: نیدر لینڈز کو شکست ، افغانستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہیں ہموار

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 318 رنز پر گری جب کیوی بلے باز ڈیرل مچل 18 گیندوں پر 29 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، بلیک کیپس کا پانچواں نقصان 345 رنز کے اجتماعی سکور پر ہوا، کیوی بلے باز مارک چیپمین 27 گیندوں پر 39 رنز بنا کر وسیم جونیئر کی گیند پر پویلین چلتے بنے۔

کیویز کا چھٹا نقصان 48 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 388 رنز کے مجموعے پر ہوا، گلین فلپس نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی اور وسیم جونیئر کا شکار بنے۔

قبل ازیں ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سپنر اسامہ میر کی جگہ فاسٹ باؤلر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، گزشتہ میچز میں ہماری باؤلنگ اچھی رہی، نیوزی لینڈ کو کم سکورز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب کیویز کی ٹیم میں کین ولیمسن کی واپسی ہوئی ہے، ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسا سوچا تھا پچ اس سے مختلف لگ رہی ہے، پاکستان کو اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے پاکستان کے پاس آج آخری موقع ہے اور اسے آج نیوزی لینڈ کو اچھے مارجن سے ہرانا ضروری ہے۔

خیال رہے کہ 

بھارت کے شہر بنگلور کے ایم چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ بلیک کیپس کی کمان کین ولیمسن کے ہاتھوں میں ہے۔