وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے دوطرفہ دورے پر استنبول پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی )وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے دوطرفہ دورے کے سلسلے میں استنبول پہنچ گئے ہیں،اتاترک ایئرپورٹ پر ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات، ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور وزارتِ خارجہ و سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔
یہ دورہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کے دوران دونوں رہنما پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم شعبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کریں گے۔
ملاقات میں خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ مرکوز رہے گی، جبکہ علاقائی امن و سلامتی کی صورتحال بھی زیر غور آئے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اپنے قیام کے دوران پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، آئی ٹی اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اُجاگر کیا جائے گا۔
اس کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری رہنما، سرمایہ کار، اعلیٰ حکام اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں :وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی علی خامنہ ای کے تعزیتی اجتماع میں شرکت