محسن نقوی کی زیر قیادت پنجاب حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے قابل ستائش ہیں، نگران وزیراعظم

Oct 31, 2023 | 01:53:AM
محسن نقوی کی زیر قیادت پنجاب حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے قابل ستائش ہیں، نگران وزیراعظم
کیپشن: فوٹو 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت پنجاب کی نگران کابینہ کا خصوصی اجلاس آج منعقد ہوا جس میں پنجاب کی نگران حکومت کے اب تک کے دورانیے میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

نگران حکومت کے اب تک کے دورانیے میں صحت، مواصلات، تعلیم اور دیگر شعبوں میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ توانائی کے شعبے میں ترقی کیلئے بائیو گیس کی پیداوار کے منصوبوں جیسے جدید پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پنجاب میں نفاذ قانون اور انصاف کی فراہمی کی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو انصاف کی فراہمی غیرجانبدار اور یقینی بنانے کیلئے مقامی پولیس افسران کے پورے ملک میں تقرریوں اور تبادلوں کے لیے پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بین الصوبائی سرحدوں پر نفاذ قانون کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کچے کے علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب کارروائیوں پر حکومت پنجاب کو سراہا۔

اجلاس میں پنجاب کے مواصلاتی نظام کے حوالے سے لیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جن میں لاہور رنگ روڈ کے جنوبی حصے (SL-3)، گجرانوالہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے اور شاہدرہ میں نئے تعمیر شدہ پل جیسے منصوبے سر فہرست ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: محسن نقوی کے اقدامات سے مطمئن، عام انتخابات وقت پر ہونگے، چیف الیکشن کمشنر

وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی مواصلاتی نظام میں بہتری کی کوششوں پر سراہا۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو خصوصی بچوں کیلئے تعلیمی ادارے تعمیر کرنے پر بھی سراہا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت اب تک وراثت میں ملا 629 ارب روپے کا قرضہ اتار چکی ہے اور زرعی شعبے میں 76 ارب روپے کے اضافی فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم کو دیہات میں ترقیاتی اقدامات اور مذہبی سیاحت کے فروع کیلئے اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو پنجاب میں نرسوں کی تعداد دگنی کرنے اور انہیں بیرون ملک ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے تین دن میں این او سی کے اجراء کی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو بتایا کہ لاہور میں سموگ کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی کاشت کے بعد باقیات کو نذر آتش کرنا ہے۔ وزیراعظم نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو فصلوں کو نذر آتش کرنے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کا مسئلہ بھارت کے ساتھ سفارتی سطح پر اٹھانے کا یقین دلایا۔

نگران وزیراعظم نے سید محسن رضا نقوی کی زیر قیادت پنجاب حکومت کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کو سراہا۔