ضبط طوطوں کے انڈوں سے بچے نکل آئے

Aug 29, 2026 | 10:12:AM
ضبط طوطوں کے انڈوں سے بچے نکل آئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ کے او آر ٹمبو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جولائی اور اگست میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران ضبط کیے گئے طوطوں کے انڈوں سے بچے نکلنا شروع ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق انڈوں کو ضبط کیے جانے کے بعد جنوبی افریقہ کے نیشنل زولوجیکل گارڈنز منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز انڈوں کو انکیوبیٹرز میں رکھ کر ان کی نگہداشت کر رہے ہیں، انڈوں سے نکلنے والے بچوں کی بھی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے اور ویٹرنری عملہ انہیں ہاتھ سے خوراک دے رہا ہے۔

حکام کے مطابق ضبط کیے گئے انڈوں میں سے بڑی تعداد ان طوطوں کی نسلوں سے تعلق رکھتی ہے جو کنونشن آن انٹرنیشنل ٹریڈ ان  (CITES) کے تحت تحفظ یافتہ ہیں۔

مزید پڑھیں:قدرتی آفات اور زلزلے میں پھنسے لوگوں کی تلاش اب کاکروچ کریں گے

جنوبی افریقہ کے محکمہ جنگلات، ماہی گیری اور ماحولیات کے مطابق جولائی میں ہونے والی پہلی کارروائی کے دوران 418 انڈے جبکہ اگست میں مزید 50 انڈے ضبط کیے گئے تھے۔

 طوطے غیر قانونی جنگلی حیات کی تجارت میں سب سے زیادہ مطلوب جانوروں میں شامل ہیں، جس کی بڑی وجہ شوقین افراد، کلیکٹرز اور غیر معمولی پالتو جانوروں کی مارکیٹ میں ان کی طلب ہے۔

جنوبی افریقی حکام نے ضبط کیے گئے انڈوں کے معاملے کی تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں، جبکہ ماہر ویٹرنری عملہ نئے نکلنے والے بچوں کی دیکھ بھال اور باقی انڈوں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔