سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک، مریم نواز نے سخت ردعمل دےدیا

Apr 29, 2023 | 18:50:PM
سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک، مریم نواز نے سخت ردعمل دےدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے  سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک ہونے پر سخت ردعمل دیتے ہوے کہا ہےکہ ’’جن کے ریٹائرہو کر یہ حالات ہیں سوچیں جب وہ طاقت کے نشے میں اپنی کرسیوں پر فرعون بنے بیٹھے تھے تو پنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیسے کر رہے ہوں گے؟‘‘

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں چیف آرگنائز ر مسلم لیگ (ن )مریم نواز کا کہنا تھاکہ نواز شریف چپ ہے مگر اللّہ تعالیٰ کی قدرت اس کے خلاف سازش کرنے والے سازشیوں کا گھناؤنا چہرہ اور گٹھ جوڑ ہر روز رسوا ہو رہا ہے، مریم نواز کا مزید کہنا تھاکہ سوچیں، انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھ کر ریاست کی تقدیر کے فیصلے ساسوں، دامادوں اور بچوں کو انٹرٹین (entertain) کرنے کی خاطر یا ان کے مالی مفادات کی خاطر ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے صاحبزادے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو سامنے  آئی ہے جس میں وہ پنجاب اسمبلی سے پی پی 137 کے امیدوار ابوزر چدھڑ سے  محو گفتگو ہیں،   پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر ابو زر نے نجم ثاقب سے کہا کہ آپ کی ایفرٹس سب رنگ لے آئی  ہیں، اس پر نجم ثاقب نے کہا کہ مجھے انفارمیشن آگئی ہوئی ہے، اب بتائیں اب کرنا کیا ہے۔

ابوزر چدھڑ نے کہا کہ ابھی ٹکٹ چھپوارہے ہیں ناں، چھاپ دیں اس میں دیرنہ کریں ٹائم تھوڑا ہے، نجم ثاقب نے کہا کہ بس بابا کو ملنےآجاناشکریہ اداکرنےکےلیےاورکچھ نہیں، اس پر ابوزر چدھڑ نے رضامندی کا اظہار کیا۔

 نجم ثاقب نے کہا کہ 11بجے تک واپس آجائیں گے ان کو جپھی ڈالنے آجانا بس، انہوں نے بہت محنت کی، بہت محنت کی ہے، اس پرابوزر نے کہا کہ بہت زیادہ، اچھا میں سوچ رہا تھا پہلے انکل کے پاس آؤں یاشام کو ٹکٹ جمع کراکرآؤں، اس پر نجم ثاقب نے کہا کہ وہ مرضی ہے تیری لیکن آج کے دن میں مل ضرور لینا بابا کو ، ابوزر نے جواب دیا کہ ہاں ضرور، سیدھا ہی ان کے پاس آنا ہے،  12 بجے ٹائم ختم ہو جانا ہے، نجم ثاقب نے ابوزر کو ہدایت کی کہ ٹکٹ چھپوائیں، تصویر بھیجیں اورپھر وہ کرکےآئیں اس پر ابوزرچدھڑ نے اوکے کہا۔

 
 

 جس کے بعد ایک اور کال کی گئی جس میں بظاہر ایسے معلوم ہوتا ہےکہ نجم ثاقب نے میاں عزیر نامی شخص کو کال کرتا ہے اور  کہتا ہے کہ واٹس ایپ دیکھیں،جس پر  میاں عزیر کہتا ہے کہ ہاں یہ ابوذر نے بھیجی ہےتمہیں،جس پر نجم ثاقب کہتے ہیں کہ یارمیں بھی وکیل ہوں،توکیا سین ہے؟ میاں عزیر کہتا ہے کہ کرلیتا ہوں بات نہ ،اوکے،نجم ثابق غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کیا مطلب بات کرلیتا ہوں یہ طے شدہ تھا،میاں عزیر جواب دیتا ہے کہ فون کرکے بات کرلوں کہ بھیج دو سامان،نجم ثاقب عزیر کو تنبیہ کرتے ہیں کہ ایک بیس سے نیچے نہ لینا،میں تمہاری ٹانگیں توڑدوں گا، میاں عزیر انہیں ہدایتی طور پر کہتے ہیں کہ یار پھر تم یہ فون پر باتیں کررہے ہو، جس کو نظر انداز کرتےہوے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار  کے بیٹے نجم ثاقب کہتے ہیں کہ میرے لئے اتنا ایشو کوئی نہیں ہے، ایک بیس سے نیچے نہ لینا،میں بتارہاہوں میں مذاق نہیں کررہا یہ بہت بڑی چیز ہے۔