جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں لا اینڈ جسٹس کمیشن کی تنظیم نو کیلئے کمیٹی قائم 

Dec 24, 2020 | 22:09:PM
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں لا اینڈ جسٹس کمیشن کی تنظیم نو کیلئے کمیٹی قائم 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزاراحمد کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن کا اجلاس ہوا، سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن نے قانون سازی سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دی،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں لا اینڈ جسٹس کمیشن کی تنظیم نو کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزاراحمد کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن کا اجلاس ہوا،اجلاس میں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان ،اٹارنی جنرل اور سابقہ ججز نے شرکت کی ،تفصیلات کے مطابق سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن نے قانون سازی سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ تین برسوں میں 14 قانون سازی اور105 انتظامی اصلاحات کی سفارشات پیش کی گئیں،بریفنگ کے دوران بتایاکہ آبادی کنٹرول، پولیس اصلاحات اور انسانی اعضا کی قانونی پیوند کاری سے متعلق سفارشات بھی حکومت کو بھیجی گئیں۔
سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن نے کہاکہ حکومت کو ڈیموں کی تعمیر اور انڈس واٹر سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں،ایل جے سی پی کے سیکرٹریٹ کی اشد ضرورت ہے، 124 اضلاع میں مفت قانونی امداد کیلئے تربیتی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کو فنڈ فراہم کیا گیا،دوران بریفنگ بتایاگیا کہ سول،فوجداری قوانین میں ترامیم کی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں،جدید ویڈیو لنک کورٹس سمیت ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں لا اینڈ جسٹس کمیشن کی تنظیم نو کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی، سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر عشرت سے معاونت لینے کی ہدایت کردی گئی،چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ قانونی اصلاحات اور ترمیم پر فوری کام کرنے کیلئے اٹارنی جنرل حکومت کو آگاہ کریں۔
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ قاسم علی خان نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کچھ قانونی معاملات صوبوں کو دے دیئے گئے، قانونی تحقیق کیلئے صوبائی سطح پر ایک آزاد صوبائی لا کمیشن قائم کیا جانا چاہئے، چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے کہاکہ اعلی عدالتوں کے فیصلوں کو قانونی اصلاحات کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
 قانونی اصلاحات کیلئے جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ لا اینڈ جسٹس کمیشن کے تین ماہ بعد ہونیوالے اجلاس میں قانونی اصلاحات سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے،آئندہ اجلاس میں چیف جسٹس آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔