ریلوے مسافروں کیلئے اچھی خبر، رابطہ ایپلی کیشن کا آغاز

Nov 22, 2023 | 20:30:PM
ریلوے مسافروں کیلئے اچھی خبر، رابطہ ایپلی کیشن کا آغاز
کیپشن: فوٹو (اسکرین گریب)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) گھر بیٹھے ٹرین کی ٹکٹ جاری کرنے والی رابطہ ایپلیکیشن کو آپریشنلائز کردیا گیا۔

ایپلی کیشن میں فی الوقت گرین لائن اور دو ریل کاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ آئندہ چند ہفتوں میں دیگر ٹرینوں کو بھی رابطہ ایپلیکیشن پر شفٹ کر دیا جائے گا۔

رابطہ کے ذریعے مسافر نہ صرف ٹکٹ بلکہ ہوٹل، کھانے اور ٹیکسی کی بکنگ بھی کرسکیں گے۔ اس ضمن میں تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر ٹکٹ وینڈنگ مشینیں نصب کردی گئی ہیں۔

ایپلیکیشن کی آپریشنلائزیشن کا افتتاح آج نگران وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ریلوے مظہر علی شاہ اور سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ بھی موجود تھے۔

https://www.pakrailways.gov.pk/home

بعد ازاں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے ریونیو اور فریٹ ٹرینوں کی تعداد میں اضافے پر انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ آمدن کے ٹارگٹ کو پورا کیا جائے۔

شاہد اشرف تارڑ نے ریلوے کے زیر انتظام ہسپتالوں کی ان سورسنگ کے پراسیس کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی تاکید کی۔ نگران وزیر کو ریلوے تنصیبات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبہ پر اپ ڈیٹ بھی دی گئی۔

انہوں نے انتظامیہ کو میو گارڈنز سمیت دیگر ریلوے رہائشی یونٹس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے میٹر لگانے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر ریلوے نے تجاوزات کیخلاف آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اس ضمن میں پندرہ روز بعد تمام ڈویژنز سے رپورٹ لی جائے تا کہ معلوم ہو سکے کہ کتنی تجاوزات ختم کی جا چکی ہیں اور آیا کہیں کسی مقام پر دوبارہ انکروچمنٹ تو نہیں ہوگئی۔