اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم

Jan 22, 2021 | 20:21:PM
اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے عام آدمی کو اشیائے ضرور یہ کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ خصوصاً گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سینیٹر شبلی فراز، علی زیدی، فخر امام، علی امین گنڈا پور نے شرکت کی، مشیر وزیراعظم ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی عثمان ڈار، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز اور سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان، مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ سات ہفتوں کے سینسٹو پرائس انڈیکیٹر کی روشنی میں پیاز، ٹماٹر اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، آئندہ کچھ ہفتوں میں ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں بھی کمی آنا شروع ہو جائے گی۔
اجلاس کو گندم کی ریلیز کے حوالے سے اقدامات پر بھی آگاہ کیا گیا،شرکا کو چینی کی درآمد کے حوالے سے ای سی سی کے فیصلے اور اس کے چینی کی قیمت میں کمی پر اثر ات پر بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے رمضان المبارک میں عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلاتعطل اور کم نرخوں پر دستیابی کے حوالے سے تیاری اور بروقت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے عام آدمی کو اشیائے ضرور یہ کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے شرکا کو آئندہ سال گندم کی پیداوار کی فورکاسٹ اور ضرورت کے مطابق درآمد کی تیاری کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی،دوران بریفنگ بتایا گیاکہ حکومت کے گندم کی درآمد کے فیصلے کی بدولت مارکیٹ میں استحکام آیا ہے۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ، خصوصا گندم اور چینی کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے پیداوار میں اضافے پر توجہ مرکوز رکھنے اور اس ضمن میں صوبوں کو پیداوار میں اضافے کی غرض سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
 وزیراعظم نے خوراک کی ضروریات کے پیش نظر پیداوار میں اضافے کے حوالے سے ایک جامع اور موثر پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ فوڈ سیکیورٹی کے روڈمیپ پر عملدرآمد کے ذریعے درآمدات پر آنے والے اخراجات میں کمی لائی جائے۔ وزیراعظم نے یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ،وزیراعظم نے رمضان المبارک تک قیمتوں کے حوالے سے مانیٹرنگ پر مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔