پی ایس ایل 8، سنسنی خیز مقابلے کے بعد  ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی 

Feb 22, 2023 | 17:56:PM
پی ایس ایل 8، سنسنی خیز مقابلے کے بعد  ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پی ایس ایل 8 کے 11ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز نے آخری اوور میں کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دے دی ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق  ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن 8 کے گیارہویں میچ  میں  ملتان سلطانز  اور کراچی کنگز مد مقابل آئے ، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے  ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم  ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، جس پر ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی سینچری اور اوپننگ بلے باز شان مسعود کی شاندار نصف سینچری کی بدولت  2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے ،جس کے جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 193رنز بنا سکی ۔

کراچی کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو  اوپننگ کیلئے میتھیو ویڈ اور جیمز وینس میدان میں اترے  اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو زبردست آغاز فراہم کیا لیکن میتھیو ویڈ 72 رنز کے مجموعی سکور پر 14 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ، ان کے بعد جیمز وینس نے برق رفتار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 20 گیندوں پر  پی ایس ایل 8 کی تیز ترین نصف سینچری کا اعزاز اپنے نام کیا لیکن بدقسمتی سے وہ بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 105 رنز کے مجموعی سکور پر 34 گیندوں پر 75 رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے ، ان کے بعد تجربہ کار بلے باز شعیب میدان میں اترے لیکن حیدر علی ہی ان کا ساتھ نہ دے سکے اور 113 رنز کے مجموعی سکور پر 17 گیندوں پر 12 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے ۔

حیدر کے بعد کپتان کراچی کنگز عماد وسیم خود میدان میں اترے اور شعیب ملک کے ہمراہ ٹیم کا سکور 148 رنز تک پہنچایا لیکن شعیب ملک 19 گیندوں پر 13 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے ، یہی پوائنٹ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ، لیکن عماد وسیم نے  ہمت نہ ہاری اور تن تنہا بڑی ہٹنگ کرتے رہے  یہاں تک کہ آخری اوور کی آخری گیند پر جیت کیلئے 5 رنز درکار تھے لیکن وہاں وہ بڑی ہٹ نہ کر سکے اور  ٹیم 3 رنز سے ہار گئی ۔

ملتان سلطانز کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو اوپننگ کیلئے کپتان محمد رضوان اور شان مسعود میدان میں اترے، شان مسعود 85 رنز کے مجموعی سکور پر 33 گیندوں پر 51 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر عمران طاہر کے ہاتھو ں کیچ آوٹ  ہو گئے ،  ا ن کے بعد روسو میدان میں اترے ،جو 21 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آخری اوور میں عماد وسیم کو کیچ تھما بیٹھے ، جبکہ محمد رضوان 64 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے ۔

،واضح رہے کہ محمد رضوان پی ایس ایل سیزن 8 کے اب تک کے ٹاپ سکورر ہیں، وہ اب تک 5 میچز میں 329 رنز بنا چکے ہیں جس میں ایک سینچری اور 2 ففٹیز  شامل ہیں۔

 پی ایس ایل 8 کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز اب تک5 میں سے 4 میچز  میں فتح کیساتھ  پہلے نمبر پر براجمان ہے ، جبکہ کراچی کنگز 5میں سے صرف ایک فتح کیساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے ۔