موٹر سائیکل کے شوقین افراد کیلئے بری خبر

Jun 20, 2023 | 15:17:PM
Motorcycle, Enthusiasts, Bad News, 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)روپے کی قیمت میں مسلسل گراوٹ کے باعث   پاکستانیوں کا مالی سال انتہائی ابتر جارہا ہے،دوسری جانب گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی قیمتوں نے حال بے حال کیاہوا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان میں موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی پاک سوزوکی نے پرزوں کی قلت کے سبب کار، موٹرسائیکل پلانٹ بند  کر دیئے ہیں،پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے موٹرسائیکل اور کار تیار کرنے والے اپنے پلانٹس کو 22 جون سے 8 جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے سٹاک فائلنگ میں کہا کہ وہ پرزہ جات اور انوینٹری کی کمی کی وجہ سے پیداوار کا سلسلہ معطل کر رہی ہے کیونکہ مکمل طور پر تیارشدہ کٹس کی درآمد کے لیے مئی 2022 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پیشگی منظوری لینے کے لیے متعارف کروائے گئے طریقہ کار نے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں انوینٹری میں کمی آگئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاک سوزوکی نے اپنا فور وہیلر پلانٹ اگست 2022 سے 19 جون تک 75 روز سے زائد عرصے تک بند رکھا تھا،کمپنی نے مئی 2023 میں 2 ہزار 958 گاڑیاں جبکہ اپریل 2023 میں ایک ہزار 474 گاڑیوں فروخت کیں، تاہم رواں مالی سال کےا بتدائی 11 ماہ میں گاڑیوں کی فروخت (62 ہزار 354 یونٹس) گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران فروخت (ایک لاکھ 34 ہزار 270 یونٹس) کے برعکس 54 فیصد کم رہی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایل سیز کھولنے پر حالیہ پابندی نے مقامی اسمبلرز کی جانب سے مکمل طور پر تیارشدہ کٹس کی درآمد کو بری طرح متاثر کیا ہے، جو کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں 54 کم ہو کر 71 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہ گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ایک ارب 558 کروڑ ڈالر تھی۔

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون کے آخر میں 368 ارب روپے کے اعداد و شمار کے ساتھ آٹو فنانسنگ میں اب تک کی کل کمی 68 ارب روپے ہے،مارچ میں شرح سود بڑھا کر 21 فیصد تک لانے اور اس کے بعد اسٹیٹ بینک کی جانب سے آٹو فنانسنگ اور کاروں کی طلب کم کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کے اب آخرکار نتائج نظر آرہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے بُری خبر

فروخت میں کمی کے نتیجے میں کار اسمبلرز نے پلانٹ بند کردیے، جس کے نتیجے میں بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر لوگوں کو بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑااسٹیٹ بینک نے مختلف پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جن میں آٹو لونز کی بالائی حد مقرر کرنا اور قرض کی ادائیگی کی مدت میں کمی شامل ہے،عارف حبیب لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریسرچ طاہر عباس نے کہا کہ بھاری شرح سود، بلند قیمتیں اور پیداوار کی معطلی آٹو فنانسنگ کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔

طاہر عباس نے مشاہدہ کیا کہ گاڑیوں کی کل فروخت میں آٹو فنانسنگ کا موجودہ حصہ ایک سے 2 فیصد کے درمیان ہے حالانکہ گاڑیوں کی زیادہ مانگ اور کم قیمتوں کے وقت یہ 25 سے 30 فیصد کے درمیان ہوتا ہے،موجودہ حالات کے پیش نظر بینک فنانسنگ کے ذریعے کاروں کی فروخت آئندہ 6 ماہ تک محدود رہنے کا امکان ہے کیونکہ کوئی نیا آٹو لون، خاص طور پر 30 لاکھ روپے کی محدود فنانسنگ کیپ کی وجہ سے پیش نہیں کیا جا رہا۔

آٹو فنانسنگ کی سرگرمیوں کی بحالی کا زیادہ تر انحصار سیاسی استحکام اور ڈالر کے بحران کے خاتمے کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی منظوری پر ہوگا۔