ایرانی گلوکارہ پرستو کو 74 کوڑوں کی سزا نے عالمی سطح پر تشویش کی لہردوڑا دی

Jun 19, 2026 | 23:59:PM
 ایرانی گلوکارہ پرستو کو 74 کوڑوں کی سزا نے عالمی سطح پر تشویش کی لہردوڑا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) حجاب کے بغیر گانے  کی ویڈیو بنانے پر ایرانی گلوکارہ کو 74 کوڑوں کی سزا نے عالمی سطح پر تشویش کی لہردوڑا دی ہے۔
ایک ایرانی عدالت نے گلوکارہ   پرستو احمدی اور ان کی پروڈکشن ٹیم کے ارکان کو اس جرم میں 74 کوڑے مارنے اور  دو سال تک بیرونِ ملک سفر پر پابندی کی سزا سنائی کہ  پرستو نے ایک گانے کی ویڈیو میں "حجاب" نہیں اوڑھا تھا۔ یہ ویڈیو آن لائن میوزک پرفارمنس کی تھی۔

 میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ  ایران کی  مقبول سنگر خاتون  پرستو احمدی اور ان کے ساتھ کام کرنے والے آٹھ افراد کو  ر 2024 میں نشر کی گئی  ایک آن لائن میوزک پرفارمنس کے بعد کوڑے مارنے کی سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایک ایرانی عدالت نے گلوکارہ  پرستو احمدی اور ان کی پروڈکشن ٹیم کے ارکان کو 74 کوڑوں، دو سال تک بیرونِ ملک سفر پر پابندی اور دو سال تک فنی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنے کی سزا سنائی ہے۔

  یہ کارروائی اس لائیو کنسرٹ کے بعد کی گئی جس میں 29 سالہ پرستو احمدی نے دسمبر 2024 میں یوٹیوب پر نشر ہونے والی ایک پرفارمنس کے دوران حجاب کے بغیر وطن پرستی اور محبت کا رومینٹک نغمہ ’’از خون جوانان وطن‘‘ پیش کیا تھا۔

پرستو کی یہ  ویڈییو یو ٹیوب پر پوسٹ ہونے کے صرف تین دن بعد – جب کہ اسے یوٹیوب پر 20 لاکھ کے قریب لوگ دیکھ چکے تھے۔

سو سال پرانے انقلابی گیت کی  اصل تاریخ

 یہ گانا دراصل ایک صدی پرانا روایتی انقلابی گیت  ہے جسے اصل میں عارف قزوینی نے روایتی ایرانی موسیقی میں ترتیب دیا تھا۔ پرستو احمدی نے اسے دورِ حاضر کے مطابق ایک خوبصورت پاپ بیلیڈ (Pop Ballad) کی شکل میں دوبارہ ریکارڈ کیا ہے۔ 

  27 سالہ پرستو احمدی اور ان کے بینڈ کے دو د ارکان احسان بیرغدار اور سہیل فغہ ناصری کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ دو دن بعد انہیں رہا کر دیا گیا،  تاہم مقدمہ پر کارروائی بند نہیں کی گئی۔ بسیج  کے حکام نے ویڈیو  میں حجاب کے بغیر کام کرنے پر ان کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کے بعد عدالت میں شواہد پیش کئےْ۔

 عدالتی دستاویزات کا جائزہ لینے والے انسانی حقوق کے کارکنوں اور وکلا  نے بتایا کہ ان فنکاروں پر ’’عوامی اخلاقیات کے خلاف مواد‘‘  تیار کرنے اور شائع کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ۔  ایرانی عدلیہ نے ابھی تک ان سزاؤں کی  تصدیق نہیں کی۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے خاتون سنگر کو سنائی گئی کوڑوں کی سزا پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 امریکا میں قائم سینٹر فار ہیومن رائٹس اِن ایران کی نمائندہ بہار قندھاری نے کہا کہ صرف گانا گانے اور حجاب کے بغیر عوام کے سامنے آنے پر 74 کوڑوں کی سزا انسانی حقوق کی صورتحال پر سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔ ان کے مطابق یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ ایران میں اظہارِ رائے اور فنکارانہ آزادیوں پر دباؤ بدستور برقرار ہے۔

انسانی حقوق کے وکیل معین خزائلی نے بھی اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ایرانی فوجداری قانون کے تحت خواتین کا گانا گانا یا موسیقی پیش کرنا بذاتِ خود جرم نہیں، اس لیے ایسی سرگرمیوں کو غیر اخلاقی مواد قرار دینا قانونی بنیادوں سے محروم دکھائی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:  ایرانی گلوکارہ حجاب کے بغیر پرفارم کرنے پر گرفتار 

ایرانی نژاد برطانوی اداکارہ نازنین بنیادی اور جلاوطنی اختیار کرنے والی ایرانی اداکارہ ستارہ ملکی سمیت متعدد فنکاروں نے بھی پراستو احمدی کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔ ستارہ ملکی کا کہنا تھا کہ پراستو احمدی کی پرفارمنس نے انہیں مزاحمت اور امید کا نیا حوصلہ دیا اور یہ ثابت کیا کہ ایرانی خواتین اپنے حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایران میں حالیہ مہینوں کے دوران  سخٹ سزائیں سنانے کے رجحان نے دنیا کو متوجہ کر رکھا ہے۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران دسمبر اور جنوری میں عوامی احتجاج میں شریک ہونے والی خواتین سمیت درجنوں افراد کو سخت سزائیں دی گئیں جن میں سزائے موت بھی شامل ہے۔ بہت سے لوگوں کو پھانسی کی سزا پر عمل درآمد ہو چکا ہے۔

پرستو احمدی کون ہیں؟

نپرستو احمدی نے 2022ء کی "عورت، زندگی، آزادی" (Woman, Life, Freedom) تحریک کے بعد زیادہ شہرت حاصل کی۔ یہ تحریک ایک 22 سالہ خاتون مہسا امینی کو حجاب نہ اوڑھنے پر گرفتاری کے بعد تحویل میں مار دیئے جانے پر  عوامی احتجاج سے پیدا ہوئی تھی۔

پرستو احمدی کے مقبول گانے
 پرستو  کا میوزک روایتی فارسی دھنوں اور جدید پوپ رجحان کا فیوژن ہے۔ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مطابق ان کے مقبول ترین گانے کئی ہیں لیکن جس گانے پر انہیں ب سزا ہوئی ہے وہی مقبول ترین ہے۔ 
از خون جوانان وطن (Az Khoon-e Javanan) وطن پرستی اور انقلابی خیالات پر مبنی لیرکس اور اچھی گائیکی کے سبب ایران کے اندر اور ایرانی ڈایا سپورا مین بہت مقبول ہوا۔ سزا سنائے جانے کے بعد لوگ ایک بار پھر اس ویڈیو کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔ اس گانے کی ویڈیو کی ابتدا میں پرستو احمدی نے اپنا تعارف ان الفاظ میں کروایا۔ "میں ایک لڑکی ہوں جو ان لوگوں کے لیے گانا چاہتی ہوں جن سے میں محبت کرتی ہوں۔ یہ وہ حق ہے جسے میں نظر انداز نہیں کرسکتی۔ " انہوں نے اپنی پوسٹ میں ایران سے محبت کا اظہار بھی کیا تھا۔"

پرستو کی مقبول ترین ویڈیو ایک کنسرٹ ویڈیو ہے جس میں ان کے کئی مقبول گانے شامل ہیں۔ اس  لائیو ویڈیو کو یوٹیوب پر 30  لاکھ  18 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ 


چہ سازم : یہ گانا بھی ان کے لائیو کنسرٹ کا حصہ تھا، جسے میوزک اسٹریمنگ ایپس پر لاکھوں بار سنا گیا ہے۔
واسونک شیرازی (Vasoonak Shirazi): شیراز خطے کے روایتی گیت کا یہ جدید ورژن بھی کافی مقبول ہوا۔
نفسِ شب (Nafas-e Shab): نومبر 2024ء میں ریلیز ہونے والا رومانوی گیت پرستو کے فینز نے بہت  پسند کیا۔
مرا ببوس (Mara Beboos): ایک پرانے کلاسک فارسی گانے کا کور ورژن جس نے سوشل میڈیا پر کافی پزیرائی حاصل کی۔


پرستو اس وقت  کہاں ہیں؟
رپورٹس کے مطابق پرستو احمدی اس وقت ایران میں ہی موجود ہیں۔ وہ ایران چھوڑ کر جلاوطن نہیں ہوئیں، بلکہ انہوں نے ملک کے اندر رہتے ہوئے ہی سنسرشپ کے خلاف  کام کرنا جاری رکھا۔ مقدمہ بننے کے بعد بھی انہوں نے مزاحمت کے گانے ریکارڈ کیے۔


حالیہ عدالتی فیصلے کے بعد
وہ تاحال ایران میں ہی قانونی کارروائی کا سامنا کر رہی ہیں۔  پرستو  پر دو سال تک ایران سے باہر نہ جانے کی پابندیبھی  عائد کی گئی ہے، جس کی وجہ سے وہ  چاہیں بھی تو ملک سے باہر نہیں جا سکتیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ان پر دو سال کے لیے کسی بھی قسم کی فنی سرگرمیوں پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔