عثمان ڈار کے گھر  پرپولیس کا ایک بار پھر مبینہ حملہ، خواتین کے کپڑے پھاڑ دیئے

Dec 19, 2023 | 13:16:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پی ٹی آئی کے سابق رہنما عثمان ڈار کے گھر  پرپولیس کا ایک بار پھر مبینہ حملہ، والدہ اور گھر کی خواتین کے کپڑے پھاڑ دیئے۔ 

 عثمان ڈار کی والدہ  نے چیف جسٹس کو نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف کی ایماء پر گھر پر حملہ کیا گیا ہے،خواجہ آصف کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے روکنا چاہتا ہے، گھر پر بلڈوزر بھی چڑھا دو تب بھی الیکشن لڑنے سے باز نہیں آؤں گی، پولیس نے3 بار گھر پر حملہ کیا ہے، ڈی پی او پرسنل ہو کر ہمارے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  قیمتوں میں بڑا ردوبدل،موٹرسائیکل کے شوقین افراد کیلئے اہم خبر آ گئی

سابق رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار نے اپنی والدہ کے ہمراہ ضلع کچہری چوک میں میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 9مئی کو میری ماں اور خاندان کی خواتین کیساتھ ظلم کیا گیا، میں سلام پیش کرتا ہوں سیالکوٹ کے میڈیا کو ، کل ہمارے گھر میں کوئی مرد نہیں تھا پولیس میرے گھر میں بغیر وارنٹ گھس آئی۔

 عثمان ڈار  کا کہنا تھا کہ  9 مئی کو بھی میرے گھر سے زیورات اور نقدی چوری کی گئی ، خواجہ آصف 8 فروری کو ہمت کرکے میری ماں کا مقابلہ کرو ، میں دیکھوں گا الیکشن میں کون میری ماں کیساتھ ظلم کرتا ہے،میں یہ اعلان کرنے آیا ہوں کہ میں اپنی ماں کیساتھ کھڑا ہوں،8 فروری کو سیالکوٹ کے غیرت مند لوگ فیصلہ کریں گے کون جیتتا ہے۔

  سابق رہنما تحریک انصاف کا مزید کہا کہ سیالکوٹ کی مائیں بہنیں بیٹیاں اپنی عزت اور عصمت کی حفاظت کرنا جانتی ہیں، سیشن جج صاحب ، چیف جسٹس آف پاکستان اور آر پی او گوجرانوالہ کو بھی اپلیکیشن دیں گے،میں کچہری چوک میں کھڑا ہوں مجھے گرفتار کرو،میں جیل میں جانے کیلئے تیار ہوں ۔

میرا مطالبہ ہے کہ ڈی پی او سیالکوٹ کو سیالکوٹ سے تبدیل کیا جائے ، میری والدہ پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی ۔

عثمان ڈار کی والدہ کا کہنا تھا کہ  میں تمام میڈیا کا شکریہ ادا کرتی ہوں،9 مئی کو میرے ساتھ ظلم کیا گیا میرے سر سے چادر اتاری گئی،میرے گھر سے پولیس ملازمین پیسہ لیکر گئے ، شہر سیالکوٹ کی عوام نے سب کچھ دیکھا ہے ہمارے ساتھ ظلم ہوا ہے ، میں سیشن کورٹ میں اپیل کرنے آئی ہوں انصاف لینے آئی ہوں، پولیس والےرات کو بھی میرے گھر کا دروازہ توڑ کر میرے گھر میں گھسے، میرے کپڑے پھاڑے گئے میری بہو کے کپڑے پھاڑے گئے ،میری چیف جسٹس پاکستان سے اپیل ہے مجھے انصاف دیا جائے ۔

دوسری جانب پنجاب پولیس نے عثمان ڈار کی والدہ پر تشدد کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھاپہ مطلوب شخص کی گرفتاری کیلئے مارا گیا لیکن خاندان اس پر سیاست کر رہا ہے۔