مریم نواز نے عید کا پہلا دن بے گھر بچوں اور خواتین  کیساتھ گزارا

Apr 10, 2024 | 15:05:PM
مریم نواز نے عید کا پہلا دن بے گھر بچوں اور خواتین  کیساتھ گزارا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کا پہلا دن بے گھر بچوں، خواتین اور اولڈ ایج ہوم میں موجود بزرگوں کے ساتھ گزارا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے میرے والدین کی دعائیں لگی ہیں، والدین کی قدر نہ کرنے والے خسارے میں جاتے ہیں۔

عید الفطر کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بے سہارا اور بے گھر لوگوں کے درمیان پہنچ گئیں، انہوں نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ میں موجود مختلف مراکز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بزرگ خواتین کو حج پر بھجوانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں،مریم نواز نے بچوں کو تحائف، کھلونے اور مٹھائیاں بھی دیں اور سپیشل بچوں کے ساتھ مل کر عید کا کیک کاٹا اور انہیں کھلایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سب سے پہلے بے سہارا بچوں کے لیے قائم مرکز پہنچیں جہاں وہ بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں، مریم نواز نے بچوں سے گفتگو کی اور تعلیم و دیگر مشاغل سے متعلق دریافت کیا، بچوں نے تحائف دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد مریم نواز بے سہارا اور بے گھر بزرگوں کیلئے قائم مرکز گئیں جہاں انہوں نے بزرگ مرد وخواتین کی خیریت دریافت کی، مریم نواز نے ایک مریض خاتون کو اپنے ساتھ بٹھایا اور چوڑیاں پہنائیں،وزیراعلیٰ پنجاب نے بے سہارا افراد کو عید مبارک کہا جس پر وہاں موجود بزرگ آبدیدہ ہوگئے، مریم نواز نے قائد نواز شریف کی طرف سے بزرگوں کو سلام بھی دیا۔

بعدازاں مریم نواز بے سہارا خواتین کے مرکز پہنچیں جہاں انہوں نے بیوہ خواتین اور ان کے بچوں سے ملاقاتیں کیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں پر دست شفقت رکھا اور دعائیں دیں۔