جڑانوالہ واقعہ: مرکزی ملزمان بیرون ملک فرار کی تیاری کرچکے تھے، آئی جی پنجاب

Aug 19, 2023 | 00:13:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) آئی جی پنجاب عثمان انور نے انکشاف کیا ہے کہ جڑانوالہ واقعے کے مرکزی ملزمان کی بیرون ملک روانگی کی تیاریاں مکمل تھی۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے انکشاف کیا ہے کہ جڑانوالہ واقعے کے مرکزی ملزمان کے شناختی کارڈ نمبر اور بیرون ملک روانگی کی تیاریاں سوچے سمجھے منصوبے کی جانب اشارہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ کے بعد ہمسایہ ملک میں خواتین سے زیادتی کے واقعات سے توجہ ہٹا کر رخ پاکستان کی طرف موڑا گیا تاہم براہ راست بیرونی ہاتھ ملوث ہونے پر ابھی کہہ نہیں سکتے البتہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے اور جے آئی ٹی بیرونی ہاتھ ملوث ہونے پر بھی تفتیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ فسادات ایک شہر سے دوسرے شہر میں پھیل چکے تھے جبکہ شرپسند عناصر ملتان میں پادری کو قتل کرنے کی سازش بھی تیار کرچکے تھے جو بروقت اقدامات سے ناکام ہوئی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ مرکزی ملزمان کے علاوہ گرجا گھروں کوجلانے والے 130سے زائد ملزمان بھی پکڑے گئے ہیں جنہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی جبکہ ویڈیوز اور نادرا کی مدد سے 170 افراد کی شناخت بھی ہوچکی ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تنقید ہورہی ہے کہ پولیس موقع کھڑی تھی اور کچھ نہیں کرسکی،  پانچ سے چھ ہزار افراد کا مجمع تھا، اگر مزاحمت کرتے تو جانی نقصان کا خدشہ تھا، اس سے نہ صرف حالات بہت زیادہ خراب ہوتے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بھی بہت زیادہ متاثر ہوتا۔

یہ بھی پڑھیے: جڑانوالہ واقعہ قابل مذمت،ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے شرپسندی شروع کروائی انہیں کٹہرے میں لاکر سزا دینی ہے، کوئی سیاسی جماعت یا گروہ واقعہ پاکستان کیخلاف استعمال کرتے تو اس کا ظرف ہے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب نے کمشنر فیصل آباد، آر پی او فیصل آباد عابد خان اور ڈی آئی جی احسن یونس، سی پی او عثمان اکرم گوندل،ایس ایس پی محمد افضل، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران کے ہمراہ متاثرہ علاقے سمیت جڑانوالہ کا دورہ کیا اور امن و امان کی مجموعی صورت حال سمیت سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔

 آئی جی پنجاب نے مسیحی کمیونٹی کے نمائندوں اور شہریوں سے ملاقات کی جبکہ کرسچن آبادی میں متاثرہ گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کا جائزہ لیتے ہوئے مسیحی برادری کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متاثرین کو بتایا کہ حکومت پنجاب متاثرہ گرجا گھروں اور رہائش گاہوں کی بحالی کا کام کا فوری آغاز کر رہی ہے، پنجاب پولیس متاثرہ مسیحی کمیونٹی کے بچوں کو پولیس ویلفیئر اسکولز میں مفت تعلیم اور سہولیات فراہم کرے گی۔

بعد ازاں ڈاکٹر عثمان انور نے دانش سکول جڑانوالہ میں اقلیتی خاندانوں کیلئے قائم حفاظتی کیمپ کا دورہ کیا اور انہیں بھی مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی جبکہ آئی جی پنجاب نے متاثرہ خاندانوں میں ضروری اشیا سمیت تحائف بھی تقسیم کیے۔

آئی جی پنجاب نے متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی مکمل فراہمی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ گرجا گھروں اور مسیحی رہائش گاہوں اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔