پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں پشاور زلمی کو شکست

Feb 18, 2024 | 14:58:PM
پی ایس ایل 9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں پشاور زلمی کو شکست
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا دوسرا میچ آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا جس میں کوئٹہ نے زلمی کو 16 رنز سے شکست دے دی۔

میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی، گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے، جیسن رائے 75، سعود شکیل 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ کپتان رائیلی روسو 13، شیرفن ردرفورڈ 20 اور محمد وسیم 4 رنز بناسکے تاہم خواجہ نافع 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، لُوک ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

 یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کیساتھ انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی بھی پاکستان پہنچ گئے

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 207 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پشاور زلمی نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا، نویں اوور کی چوتھی گیند پر اوپنر صائم ایوب آؤٹ ہوئے، صائم ایوب نے حارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے، کپتان بابراعظم 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 68 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارگردگی نہ دکھا سکا، پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 190 رنز بنا سکی۔

کوئٹہ کی جانب سے مسٹری سپنر ابرار احمد نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر، عقیل حسین اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، عمدہ بلے بازی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نائب کپتان سعود شکیل مین آف دی میچ قرار پائے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، دوسرا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز ایونٹ کے افتتاحی میچ میں  اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔