دن رات محنت کی، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا: شہبازشریف

Jan 17, 2024 | 16:05:PM
دن رات محنت کی، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا: شہبازشریف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا ہے کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے عوام پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا حق استعمال کریں گے، 8فروری کو عوام کا فیصلہ ہم سب کو قبول ہوگا،پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنی انتخابی مہم کا فیصلہ کر لیا ہے ، نواز شریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز مل کر سب کو آگے لے کر چلیں گے ، یہ الیکشن پاکستان کی تقدیر کےفیصلے کیلئے ہے۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کی طرف گامزن تھا ، زراعت ترقی کی طرف گامزن تھی اور 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا تھا ، ثاقب نثار جو کہ ایک مہرہ تھا اس کے ذریعےہماری حکومت کو ختم کیا گیا ، سالانہ جی ڈی پی بھی ،6.2 سے آگے چلی گئی تھی ، مگر ایک سازش ہوئی اور ہر چیز تباہ کر دی گئی۔

شہبازشریف کاکہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو توڑا گیا ، ہمارے سفارتی تعلقات مجروح ہوئے ، ملک میں نفرت اور تقسیم در تقسیم پیدا کی اور پھیلائی گئی ، ان نفرتوں کو ختم کرنا اتنا آسان کام نہیں، تمام تر حالات کے باوجود مایوسی کو پاس نہ آنے دیا جائے تو حالات بدل جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ 2017 کے سفر کو دوبارہ شروع کرنا میاں نواز شریف کی سب سے بڑی خواہش ہے ، یہ سفر دوبارہ جاری ہو گا، ہم نے دن رات محنت کی اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اگر اللہ تعالیٰ کی عدالت میں مجھ سے پوچھا گیا تو میں بتاؤں گا کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے پچا لیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ اس کے لیے ہم نے سیاسی قربانی دی کہ ریاست بچ گئی تو سیاست بھی بچ جائے گی ، منشور کے بارے میں نواز شریف خود چند روز میں آگاہ کریں گے،‎ان کاکہنا تھا کہ کیا بلے کا نشان نوازشریف یا شہبازشریف نے چھینا؟ بلے والے کوئی ثبوت نہ دے سکے، سوالات کے جوابات نہ دے سکے، بلا ہم نے نہیں چھینا،ایک سال تک پارٹی کے الیکشن کیوں نہ کروا سکے ، جب بلے کی حکومت تھی تو اس وقت بھی الیکشن نہ کروا سکے، کیوں؟

شہبازشریف کا مزید کہنا ےتھا کہ پاکستان کے پاس تیل اور گیس کے بڑے ذخائر موجود نہیں، اربوں ڈالر تیل کی مد میں ہمیں ادا کرنے پڑتے ہیں، پاکستان کا اثاثہ ہمارے نوجوان ہیں، نوجوانوں کو جدید تعلیم دلوائیں گے،مزید تعلیمی ادارے پاکستان کو بنانا ہوں گے،ہم نے پاکستان کو 16 ماہ میں دن رات محنت کرکے دیوالیہ سے بچا لیا وگرنہ پیٹرول دور کی بات ایک وقت کی روٹی نہ مل پاتی۔