افغان وفد کی ملاقات۔پاکستان سے زیادہ کوئی اور ملک افغانستان میں امن کا خواہشمند نہیں ،عمران خان 

Aug 17, 2021 | 21:39:PM
 افغان وفد کی ملاقات۔پاکستان سے زیادہ کوئی اور ملک افغانستان میں امن کا خواہشمند نہیں ،عمران خان 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان سے زیادہ کوئی اور ملک افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہشمند نہیں ،افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کیلئے افغان رہنماﺅں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے،پاکستان پرامن ، مضبوط افغانستان کیلئے بھرپور حمایت کرےگا ۔
 منگل کو افغانستان سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماﺅں نے ملاقات کی۔ سیاسی رہنماﺅں کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے دین، تاریخ، جغرافیہ ، ثقافت اور رشتے داری کے مضبوط روابط کے ذریعے پاکستان کے عوام کی طرف سے برادر افغان عوام کیلئے بھرپور حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں افغان رہنماں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغانستان کو پائیدار امن ، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تعمیری طور پر مل کر کام کریں۔ وزیراعظم نے افغانستان میں جامع سیاسی حل کیلئے تمام فریقین کے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ 
پرامن اور مستحکم افغانستان کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے یقین دلایا کہ پاکستان اس سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گا۔ وفد کے ارکان نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور امن کوششوں کیلئے پاکستان کی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا معاشرہ کثیر النسلی نوعیت کا ہے اور وہاں پر جامع نظم و نسق کی ضرورت ہے۔ افغان وفد نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں۔انتقام نہیں لیں گے۔خواتین کو حق ملے گا۔افغان سر زمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔ دنیا شرعی قوانین کا احترام کرے۔طالبان کا پالیسی بیان