عوام کا اتحاد اور عزم پاکستان کی طاقت ہے، مسلح افواج کی قیادت کا یوم آزادی پر قوم کیلئے پیغام

بانیانِ پاکستان کا وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل متاثر کرتے ہیں، مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہو کر وطن عزیز میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی

Aug 14, 2026 | 00:25:AM
 عوام کا اتحاد اور عزم پاکستان کی طاقت ہے، مسلح افواج کی قیادت کا یوم آزادی پر قوم کیلئے پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)  مسلح افواج پاکستان کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے  قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستان کی طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہو کر وطن عزیز میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی.

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف نے قوم کے نام یوم آزادی پر خصوصی پیغام میں قائداعظم محمد علی جناح، بانیانِ پاکستان اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو  خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانیانِ پاکستان کا وژن، حوصلہ اور عزم ہمیشہ قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ بانیانِ پاکستان کا وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیئے:  پانی ہماری ریڈ لائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو جواب دیں گے، وزیر اعظم 

مسلح افواج کی قیادت نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت اور  غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم  مسلح افواج کے تمام جوانوں،  قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات اور ہر پاکستانی شہری کی قومی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ شہداء، غازیوں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور قوم کی بے لوث خدمات نے پاکستان کی استقامت  کومضبوط کیا۔ قوم کی قربانیوں اور بے لوث خدمات نے پاکستان کی آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ کیا۔ 

یہ بھی پڑھیئے:   آزادی  ایک ذمہ داری ہے جسے ہر نسل کو آگے بڑھانا ہے,صدر آصف علی زرداری 

مسلح افواج کے سربراہ نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج کا مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے افواج کے تمام ارکان کا غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔ ہم آئین کی پاسداری اور عوام کی جانب سے سونپے گئے مقدس فریضے کو نبھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ 

پاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہو کر وطن عزیز میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔

انہوں نے قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان کی طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔

یوم آزادی پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے پائیدار اصولوں سے وابستگی کی تجدید کا عزم کرتے ہوئے مسلح افواج کی قیادت نے کہا، آیئے قومی یکجہتی کو مضبوط، برداشت کو فروغ اور محفوظ، مستحکم و خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کریں۔

مسلح افواج  نے قوم کو اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کے فروغ کا پیغام دیتے ہوئے  پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پوری قوم کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے عزم کو دہرایا اور کہا: پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد! پاکستان ہمیشہ پائندہ باد!

یہ بھی پڑھیں:   سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے یوم آزادی پر خوبصورت نغمہ ریلیز کر کے شہریوں کو حیران کر دیا