ڈی آئی خان: پولیس ٹریننگ سینٹر پرحملے میں 6 پولیس اہلکاراور امام مسجد شہید، آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
( ویب ڈیسک )ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں 6 پولیس اہلکار اور امام مسجد شہید ہو گیا جبکہ آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ اسکول میں 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب حملہ کیا گیا، دہشتگردوں نے اسکول کی بیرونی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی۔
دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے جسد خاکی۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتوں سے متعلق ایک اور ناقابل یقین خبر آگئی
شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے تین بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا، دو دیگر دہشتگردوں کو عمارت میں گھیر کر سکیورٹی فورسز نے ٹارگیٹڈ کارروائی کے دوران انجام تک پہنچایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 بہادر پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہید پولیس اہلکاروں میں تربیت پانے والے جوان بھی شامل تھے، دہشتگردوں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار اور ایک بے گناہ شہری زخمی بھی ہوا۔
شعبہ تعلقات عامہ کا بتانا ہے کہ حملے کے دوران دہشتگردوں نے اسکول کمپلیکس کی مسجد پر بھی حملہ کیا، دہشت گردوں نے عبادت گاہ کی بے حرمتی کی اور امام مسجد کو شہید کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔