وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی ناظم الامور پانگ چنکسو کی ملاقات

Jul 11, 2023 | 18:21:PM
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی ناظم الامور پانگ چنکسو کی ملاقات
کیپشن: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی
سورس: اے پی پی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور باہمی مفاد کے معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور اقتصادی ترقی کیلئے کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئرن برادرز اور پرانے دوست ہونے کے ناطے پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے چین کی قیادت کے پختہ عزم کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیے: زراعت میں 40 ارب ڈالرانویسٹمنٹ کا اعلان ،سبزانقلاب لائینگے،وزیراعظم

پاکستان اور چین کے تعلقات میں بہتری اور اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو وسعت دینے کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان عالمی ترقیاتی اقدام ا ور سی پیک کے تحت ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان کیلئے چین کی حکومت کی طرف سے نیک خواہشات اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے چین کی ناظم الامور نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان چین کا سدا بہار سٹرٹیجک شراکت دار اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والا دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کا خصوصی مقام ہے اور ہم تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) سے متعلق پہلے اعلیٰ سطحی فورم میں ورچوئل شرکت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی ناظم الامور نے دونوں ممالک کی قیادت کے تصور کے مطابق پاکستان میں جی ڈی آئی کے منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے چین کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم منصوبہ ہے اور چین کی قیادت سی پیک کو بی آر آئی کے اعلیٰ معیار کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پاکستان کی حکومت کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔