وزیراعلیٰ مریم نواز سے وہاڑی کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

Aug 09, 2026 | 09:59:AM
وزیراعلیٰ مریم نواز سے وہاڑی کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وہاڑی کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں محمدیوسف کسیلہ،ملک نوشیر انجم لنگڑیال،میاں محمد ثاقب خورشید اورمحمد نعیم اختر خان بھابھہ شامل تھے۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے پانچ دہائیوں سے سنگل اور خستہ حال وہاڑی ملتان روڈ کو دورویہ شاندار ایکسپریس وے میں تبدیل کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا، ارکان اسمبلی نے وہاڑی ملتان روڈ کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے علاقے کی ترقی اور عوام کو سفری سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ملتان وہاڑی روڈ کی بحالی پر عوام کے شاندار فیڈبیک سے بھی آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ دورویہ ملتان وہاڑی روڈ سے روزانہ چار اضلاع کے لاکھوں مسافر مستفید ہو رہے ہیں اور یہ منصوبہ علاقے کی ترقی کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے وہاڑی میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاڑی سے بورے والا اور ٹبہ سلطان پور تک الیکٹروبس سروس عوام کے لیے شاندار ٹرانسپورٹ سہولت ہے،طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لیے مفت سفر کی سہولت کو ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کا بے مثال اقدام قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنڈی بھٹیاں:سندھ سے آنے والے ہندو جوڑے نے اسلام قبول کر لیا

ارکان اسمبلی کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ تحصیل بورے والا، میلسی اور وہاڑی میں تقریباً 21 ارب روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں،وہاڑی ریلوے بازار کی بیوٹیفکیشن سے شہر کا اربن کلچر بھی نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کا جذبہ انہیں اپنے قائد محمد نواز شریف سے ورثے میں ملا ہے، انہوں نے کہا کہ وہاڑی ملتان روڈ کی فوری تعمیر علاقے کے عوام کا حق تھا، جس کی اللہ تعالیٰ نے انہیں توفیق دی۔

مریم نواز  نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پہلی مرتبہ پورے صوبے میں یکساں ترقی کا کلچر متعارف کرایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے موجودہ مون سون میں نکاسی آب کی نئی سکیموں کی وجہ سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب بارشوں کے بعد دنوں، ہفتوں اور مہینوں کھڑا رہنے والا پانی گھنٹوں میں نکال دیا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ سے جنوبی پنجاب کے کاشتکار جبکہ لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ پروگرام سے طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔