پاکستانی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری، دوست ملک نے سکالرشپس کا اعلان کر دیا

Jan 08, 2026 | 09:20:AM
پاکستانی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری، دوست ملک نے سکالرشپس کا اعلان کر دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے چینی اور شنگھائی حکومت کی سکالرشپس کے تحت چین کی عالمی شہرت یافتہ فودان یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلیٹ پائینئر پروگرام 2026 کے لیے پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق یہ پروگرام ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر مکمل طور پر انگریزی زبان میں پیش کیا جائے گا۔

دستیاب مضامین
ماسٹرز پروگرامز میں فنانس، انٹرنیشنل بزنس، بگ ڈیٹا، سافٹ ویئر انجینئرنگ، چینی سیاست اور صحافت شامل ہیں، جبکہ پی ایچ ڈی پروگرامز میں فزکس، بایولوجی، ماحولیاتی سائنس، ریاضی، پبلک مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت (AI) پڑھائی جائے گی۔

سکالرشپ کی سہولیات
منتخب طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس، یونیورسٹی ہاسٹل میں مفت رہائش، ماہانہ وظیفہ (ماسٹرز کے لیے 3,000 آر ایم بی اور پی ایچ ڈی کے لیے 3,500 آر ایم بی تک) اور طبی انشورنس فراہم کی جائے گی۔

اہلیت
درخواست گزار کا غیر چینی شہری ہونا ضروری ہے، ماسٹرز کے لیے بیچلرز اور پی ایچ ڈی کے لیے ماسٹرز ڈگری لازمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار، میدانی علاقوں میں شدید دھند ،پہاڑوں میں یخ بستہ موسم
انگریزی زبان کی مہارت کے لیے آئی ای ایل ٹی ایس 6.5 یا مساوی اسناد درکار ہوں گی، تاہم وہ امیدوار مستثنیٰ ہوں گے جن کی سابقہ تعلیم انگریزی میں ہو۔ پی ایچ ڈی امیدواروں کے لیے سپروائزر کی پیشگی رضامندی بھی لازمی ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ
درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 فروری 2026 ہے، امیدوار تفصیلات ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے جبکہ آن لائن درخواست فودان یونیورسٹی کے پورٹل کے ذریعے جمع کروا سکتے ہیں۔

ایچ ای سی نے اہل پاکستانی طلبہ کو اس بین الاقوامی تعلیمی موقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی ہے۔