کیا تحریک انصاف پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں توڑ پائے گی ؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) حقیقی آزادی مارچ میں راولپنڈی پہنچ کر عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ’’ہم نے فیصلہ کیا ہے ہم ساری اسمبلیوں سے نکلنے لگے ہیں‘‘۔ جس پر کئی دنوں سے بحث ہو رہی ہےاور سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا تحریک انصاف پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں توڑ سکے گی ؟
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹراعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے،عمران خان اپنے ورکرز، فالورز کو تھکا چکے ہیں، انہیں آرام کروانا چاہیے، عمران خان کو چاہیے تھا کہ لانگ مارچ ختم کیا تب ہی اسمبلیاں تحلیل کر دیتے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے اسمبلی توڑنے کے لئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی تھی، مگر جوں جوں وقت گزرتا گیااسمبلیوں کے ٹوٹنے کا اعلان بھی اپنی وقعت کھونے لگا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سربراہی میں پارٹی رہنماؤں کی بیٹھک آج پھر زمان پارک لاہور میں ہوئی۔شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کی میٹنگ میں سب کو اعتماد میں لیا گیا ہے، تمام مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں،عمران خان چند روز میں پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں مگر آج بھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہ آسکا۔