راولپنڈی کے کچہری چوک پر تعمیراتی کام ،سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) راولپنڈی کے کچہری چوک پر تعمیراتی کام کے باعث سکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کردی گئی ، جو آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی نے کچہری چوک پر جاری تعمیراتی کام کے باعث کینٹ اور سٹی سب ڈویژنز میں واقع تمام تعلیمی اداروں کے لیے نئے اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا۔
سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 6 نومبر 2025 سے سکولوں کا دورانیہ صبح 7 بج کر 45 منٹ سے دوپہر 12 بج کر 45 منٹ تک مقرر کیا گیا ہے، جو آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گا۔
حکام نے کہا کہ یہ فیصلہ طلبہ کے تحفظ اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ کچہری چوک پر تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث روزمرہ آمدورفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
نوٹیفکیشن کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری برائے وزیرِاعلیٰ، اور ہائر ایجوکیشن و سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
یاد رہے پنجاب حکومت نے موسمِ سرما اور اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث صوبے بھر کے سکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کی تھی۔
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے موسم سرما کے اوقاتِ کار کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ صوبے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول 27 اکتوبر 2025 سے نافذ العمل ہے۔