ورلڈ کپ فاتح کپتان سوریا کمار یادیو ٹی 20 ٹیم سے باہر، شریاس ائیّر نئے کپتان مقرر

Jun 06, 2026 | 19:51:PM
ورلڈ کپ فاتح کپتان سوریا کمار یادیو ٹی 20 ٹیم سے باہر، شریاس ائیّر نئے کپتان مقرر
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی 20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بڑا فیصلہ کر لیا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کو ٹائٹل جتوانے والے کپتان سوریا کمار یادیو کو نہ صرف قیادت سے ہٹا دیا گیا بلکہ انہیں اسکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔

چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کے فوراً بعد ایسا فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا، تاہم ہر بڑے ٹورنامنٹ کے بعد ٹیم کے مستقبل اور اگلے ورلڈ کپ سائیکل کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوریا کمار یادیو کی حالیہ فارم اور دو سال بعد ہونے والے اگلے ٹی 20 ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی کو سامنے رکھتے ہوئے سلیکشن کمیٹی نے نئی سمت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اگرچہ بھارت نے سوریا کمار یادیو کی قیادت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا کامیاب دفاع کیا، تاہم بطور بیٹر ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ رہی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کی 9 اننگز میں 136 کے اسٹرائیک ریٹ سے 242 رنز اسکور کیے۔

دوسری جانب شریاس ائیّر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی شاندار بیٹنگ اور مؤثر قیادت کے ذریعے سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کیا، جس کے بعد انہیں بھارتی ٹی 20 ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کے اس فیصلے کو بھارتی کرکٹ میں نئی حکمت عملی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر داخلہ آج ایرانی سپریم لیڈر کیلئے خصوصی پیغام لے کر تہران جائیں گے