سونے کی قیمت میں مسلسل چوتھے روز اضافہ، سات ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت جمعرات کو مسلسل چوتھے سیشن بھی بڑھ گئی اور سات ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں امریکی ڈالر کی کمزوری، ٹریژری بانڈز کی کم ہوتی ہوئی پیداوار اور آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے کی امیدیں شامل ہیں۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 4,265.22 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس سے قبل یہ 18 جون کے بعد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی،بدھ کے روز بھی سونے نے فروری کے بعد سب سے بڑا یومیہ اضافہ کیا تھا،امریکی گولڈ فیوچر بھی 0.5 فیصد بڑھ کر 4,324.60 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے۔
آئی جی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹونی سائیکامور کے مطابق مشرق وسطیٰ میں سفارتی پیش رفت کی امیدوں نے سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہتا ہے اور مرکزی بینکوں کو شرح سود بڑھانے کی ضرورت کم ہوتی ہے تو یہ صورتحال سونے کے لیے مثبت ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سونا اپنی 200 روزہ موونگ ایوریج سے اوپر مضبوطی سے برقرار رہتا ہے تو قیمت 5,000 ڈالر فی اونس کی سطح کی جانب بڑھ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان ایک مجوزہ معاہدے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان پانچ ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے میں مدد دینا ہے، اس معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر تہران کا کنٹرول برقرار رہ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:محسن نقوی کاغیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ وارانہ تربیت کا مستقل حصہ بنانے کا اعلان
دوسری جانب 28 فروری کو امریکا اور ایران کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے سونے کی قیمت میں تقریباً 19 فیصد کمی آئی تھی، کیونکہ توانائی کی قیمتوں سے مہنگائی بڑھنے اور شرح سود میں اضافے کے خدشات پیدا ہوئے تھے۔ عام طور پر کم شرح سود کے ماحول میں سونا بہتر کارکردگی دکھاتا ہے کیونکہ اس پر کوئی منافع (انٹرسٹ) حاصل نہیں ہوتا۔
امریکی فیڈرل ریزرو کی ستمبر میں شرح سود میں اضافے کی توقعات بھی کم ہوئی ہیں اور اب یہ امکان 55 فیصد رہ گیا ہے، جو دو روز قبل 67 فیصد تھا۔
امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی پیداوار میں کمی اور ڈالر انڈیکس کے دباؤ نے بھی سونے کو سہارا دیا، کیونکہ کمزور ڈالر کے باعث دیگر کرنسی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے ڈالر میں قیمت والا سونا سستا ہو جاتا ہے۔
سرمایہ کار اب جمعہ کو جاری ہونے والی امریکی نان فارم پے رولز رپورٹ کے منتظر ہیں، جولائی کی اے ڈی پی رپورٹ کے مطابق امریکا میں نجی شعبے میں ملازمتوں کی رفتار سست ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:13سالہ ماں ، 7ماہ کا بیٹا:بنگلا دیشی عدالت نے بڑا حکم جاری کر دیا
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.1 فیصد کمی کے ساتھ 62.02 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ پلاٹینم 1.2 فیصد اضافے کے بعد 1,755.18 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا، جو جون کے بعد بلند ترین سطح ہے، پیلیڈیم بھی 0.8 فیصد بڑھ کر 1,374.33 ڈالر فی اونس ہو گیا اور مسلسل تیسرے سیشن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔