درآمد پر پابندی، مفتاح اسماعیل کا بڑا بیان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ایل سیز کی کوئی ادائیگی نہیں روکی،نہ کبھی روکیں گے اور صرف3 دن میں امپورٹرز کیلئے ایل سی کھل جاتی ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک میں لگژری گاڑیوں کی درآمد پر پابندی کو ستمبر تک نہیں ہٹائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نےکراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملکی معیشت کی بہتری کیلئے پُر تعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی لگائی ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر ہمارے پاس دنیا کو کچھ دینے کو نہیں تو کچھ لینا بھی نہیں بنتا،اب چادر دیکھ کرہی پاؤں پھیلانا ہوگی‘‘۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ طلب اور رسد میں فرق کی وجہ سے ڈالر مہنگا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے30ارب ڈالرز کی برآمدات بھیجی ہیں جب کہ پاکستان کی درآمدات 80ارب ڈالرزہیں۔اسٹیٹ بینک نےڈالرکی سٹے بازی میں منی چینجرزکو فوکس کیا،کچھ چھوٹے بینکوں نےڈالرکی سٹےبازی میں منافع کمایا۔
وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ بجلی کی پیداوارمیں بتدریج اضافہ ہوا مگر بزنس کمیونٹی ایکسپورٹ نہیں بڑھا سکی۔وفاقی وزیر خزانہ نے امپورٹرز کو مزید 3 ماہ کی پریشانی کا الٹی میٹم دےدیا اور کہا کہ ایکسپورٹرز کےعلاوہ امپورٹرز کی مدد کرنے سے قاصر ہوں تاہم درآمدی مشینری کے لیےاسٹیٹ بینک جلد سرکلر جاری کرےگا۔انھوں نے ایکسچینج کمپنیوں پرپابندی کا مطالبہ غلط قرار دیا اور کہا کہ ایکسچینج کمپنیوں کے بغیر پاکستان چلانا بہت مشکل ہوجائےگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دن صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ پاکستانی معیشت کے مسائل امپورٹ کم کرنےسےحل ہوگئے ہیں اور اب 3 ماہ تک امپورٹ نہیں بڑھنے دیں گے اور اس دوران کوئی حکمت عملی نکالیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستان نادہندہ ہونے کےقریب تھا اور اس لیے آئی ایم ایف سے قرض لیا کیوں کہ آئی ایم ایف کے پاس جانےکے سوا کوئی چارہ نہیں تھا اور دوست ملک بھی آئی ایم ایف سے معاہدے کےلیے کہہ رہے تھے، دوست ممالک انتظارمیں ہیں کہ آئی ایم ایف پیکج دےتووہ امداددیں ۔