یہ عوام کا سامنا نہیں کرسکتے اس لیے پی ڈی ایم چاہتی ہے کہ الیکشن نہیں ہوں، سراج الحق

Aug 04, 2023 | 23:44:PM
یہ عوام کا سامنا نہیں کرسکتے اس لیے پی ڈی ایم چاہتی ہے کہ الیکشن نہیں ہوں، سراج الحق
کیپشن: وہ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کی عوام کو بیدار کرنے کی تحریک کا آغاز کیا ہے جسے ہم ملک کے کونے کونے تک لے جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جرگہ بلایا لیکن اس جرگے میں خیبرپختونخوا میں بہنے والے خون پر کوئی بات نہیں کی گئی، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے والی ماؤں بہنوں کی سسکیاں سننے والا کوئی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور میں ہزاروں نوجوان تعلیمی اداروں میں نشہ عام ہونے پر رو رہے ہیں، ستر فیصد نوجوان نسل نشے میں مبتلا ہوچکی ہے لیکن ڈرگ مافیا کا مقابلہ کرکے اس کو سزا دینے والا کوئی نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک یونیورسٹی کے ڈرائیور کی گاڑی سے آئس، نشہ اور گولیاں برآمد ہوئیں اور اسی دن اسمبلی میں قانون پاس ہورہا تھا کہ منشیات فروشوں کو سزائے موت نہیں ہونی چاہیئے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ملک پر دو خاندان مسلط ہیں، میاں نواز شریف کے خاندان نے نصف صدی تک حکومت کی اور زرداری نے سندھ کو یرغمال بنائے رکھا، جب تک یہ دونوں خاندانوں سے نجات نہیں ملتی عوام کا کچھ نہیں ہونے والا، زرداری بلاول کو اور شہباز شریف حمزہ کو اور نواز شریف مریم کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیے: اسمبلیاں 9 اگست کو تحلیل ہوں گی، تمام اتحادی جماعتوں نے اتفاق کرلیا

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی اس خواہش کو پوری کرنے کیلئے یہ پولنگ عملہ تک خریدتے ہیں۔ 

سراج الحق نے کہا کہ ہم پاکستان کے نوجوانوں کا سوچتے ہیں اور یہ لوگ اپنی اولاد اور اپنے خاندان کیلئے سوچتے ہیں، اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ نواز، زرداری کو ووٹ دیتے ہیں یا سراج الحق کو۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ سب فوجی گملوں میں پڑے ہیں ان کی قابلیت صرف حرام کی دولت ہے، آج اس ملک میں غربت کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہے اور انہی لوگوں نے ملک کو آئی ایم ایف کا مقروض بنایا۔

آئندہ الیکشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج شہباز شریف مردم شماری کو بنیاد بنا کر الیکشن کو ملتوی کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگوں کا سامنا نہیں کرسکتے اس لیے پی ڈی ایم چاہتی ہے کہ الیکشن نہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم الیکشن میں ایک دن بھی تاخیر نہیں چاہتے، اگر نگران حکومت نے اپنی مدت میں اضافہ کا سوچا تو بھرپور مذمت کریں گے۔