پاکستان کرکٹ بورڈ جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنائے گا: معاہدہ طے
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے جس کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے۔
ایم او یو کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی ترقی، آپریشنل معیارات، استعداد کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت نے ایک بار پھر اڑان بھر لی، فی تولہ ہزاروں روپے مہنگا
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔
معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
علاوہ ازیں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نےسعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں:سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان ختم؟حکومتی ترجمان نے خوشخبری سنا دی
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیکیورٹی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، دونوں ممالک نے سیکیورٹی، انسدادِ جرائم اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کے فروغ اور مشترکہ اقدامات کو نئی جہت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کی اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ دونوں ممالک مختلف شعبوں خصوصاً سیکیورٹی کے میدان میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔