Apr 02, 2024 | 11:59:AM

کے پی میں سینیٹ الیکشن کیوں ملتوی ہوئے؟الیکشن کمیشن کی وضاحت آگئی

کے پی میں سینیٹ الیکشن کیوں ملتوی ہوئے؟الیکشن کمیشن کی وضاحت آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)اپوزیشن کی درخواست پر خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کردئیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے تحریری حکمنامہ بھی جاری کردیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت صبح 9 بجے سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ شروع نہ ہوسکی جب کہ سینیٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل تھے اور الیکشن عملہ بھی موجود تھا۔خیبرپختونخوا اسبملی میں اپوزیشن اراکین نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے لیے درخواست جمع کروائی تھی۔

اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نےصوبائی الیکشن کمشنر کو درخواست دی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھاکہ ان کے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا۔صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات تاحکم ثانی ملتوی کردیے گئے۔

 الیکشن کمیشن کی طرف سےتحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا،الیکشن کمیشن کے تحریری حکم کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے نو منتخب ارکان سے حلف نہ لینے پر سینٹ انتخابات ملتوی کیے گئے،الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے، نو منتخب ارکان کے پی اسمبلی کے حلف تک انتخابات روک دئیے گئے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں اپوزیشن اراکین نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں استدعا کی گئی مخصوص نشستوں پر ان کے 25 اراکین سے حلف لیا جائے، حلف نہ لیاجائے تو الیکشن ملتوی کیا جائے۔

اپوزیشن کے ان 25 اراکین سے حلف لیا گیا اور اس کے بعد انتخابات ہوئے تو اپوزیشن کو سینیٹ کی 11 میں سے 4 نشستیں ملیں گی، اگر حلف نہ لیا گیا تو 11 میں سے 10 نشستیں حکومت کو ملنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے بھرپور مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ لڑنا سکھایا،اپنی نشست کسی اور کو نہیں دیں گے ۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار ہال غیر قانونی طور ر الیکش کمیشن کے حوالے کیا گیا،اسپیکر اپنا رول ادا کرنے کہ بجائے غاٰئب ہے،پورے ملک میں الکشن ہورہے مگر کے پی حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے الیکشن نہیں ہورہے۔سی ایم اور اسپیکر آئینی ذمہ داری کے بجائے عمران خان کے ٹائیگرز بنے ہوئے ہیں،یہ لوگ کوئی قانون نہیں مانتے جو بدقسمتی ہے صوبے کی۔