گیدڑ بھبکیاں کام کرنے سے نہیں روک سکتیں، جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید

Apr 01, 2021 | 17:43:PM
 گیدڑ بھبکیاں کام کرنے سے نہیں روک سکتیں، جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کر دیا گیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطا بق رپورٹ میں جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نے نوٹ لکھا ہے کہ مارگلہ کے دامن میں رپورٹ لکھتے وقت گیدڑوں کی موجودگی بھی ہوتی تھی، لیکن گیدڑ بھبکیاں انہیں کام کرنے سے نہیں روک سکتیں۔
 نجی ٹی وی نے کمیشن کی رپورٹ کی کاپی حاصل کرنے کا دعوی ٰکیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب کے سوا کسی متعلقہ حکومتی ادارے نے کمیشن سے تعاون نہیں کیا۔کمیشن کے سربراہ نے طارق فواد اور کاوے موسوی کا بیان ریکارڈ کرنا مناسب نہیں سمجھا۔براڈ شیٹ کمیشن رپورٹ نے بیوروکریسی کے عدم تعاون کی قلعی کھولتے ہوئے کہا ہے کہ افسروں نے ریکارڈ چھپانے اور گم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کو کئی محکموں حتیٰ کہ دوسرے براعظم تک غائب کیا گیا۔ حکومتی اداروں کے عدم تعاون پر موہنداس گاندھی کو فخر محسوس ہوا ہوگا۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کاوے موسوی سزا یافتہ شخص ہے، اس نے بعض شخصیات پر الزامات لگائے۔ موسوی کے الزامات کی تحقیقات کمیشن کے ٹی او آرز میں شامل نہیں ہیں۔ رپورٹ میں حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اگر چاہے تو کاوے موسوی کے الزامات کی تحقیقات کروا سکتی ہے۔

 کمیشن کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی کمپنیوں کی خدمات کیلئے ضروری بنیادی چیزیں یقینی بنا نا ضروری ہے۔ کسی بھی غیر ملکی کمپنی کی خدمات لینے سے پہلے اس کی تصدیق کرائی جائے۔

کمیشن کی جانب سے سفارش کی گئی ہے کہ وزارت خارجہ متعلقہ ملک کی وزارت خارجہ سے کمپنی کی تصدیق کرائے۔ کمپنی کی رجسٹریشن، مالیاتی حیثیت اور مقدمے بازی کا معلوم کرایا جائے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی کمپنیوں اور اداروں کی پاکستانی سرکاری اداروں تک کھلی رسائی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

  خیال رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں بننے والے کمیشن نے براڈ شیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کیں اور کمیشن نے 100 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار کر کے وزیراعظم عمران خان کو ارسال کی تھی۔اپوزیشن جماعتوں نے جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعیدکی سربراہی میں بننے والے کمیشن کو مسترد کر دیا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں:سونا پھر آسمان پر پہنچ گیا