تخلیقی ذہن پاکستان چھوڑ کرنہ جائیں۔ عارف علوی 

Aug 25, 2021 | 19:12:PM
 تخلیقی ذہن پاکستان چھوڑ کرنہ جائیں۔ عارف علوی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ جب بھی انسانیت کو کسی چیلنج کا سامنا کرنا پڑا ہے انو ویشن کے ذریعہ ہمیشہ مسائل کا حل نکلاہے۔ انوویشن اور انٹرپرینیورشپ کے لئے خام مال دوسرے طرح کے خام مال کی طرح زمین کے نیچے نہیں ہے،بلکہ یہ انسانی وسائل کی شکل میں زمین سے اوپر ہے اور ہمیں ان وسائل کو ترقی دینے کی اشد ضرورت ہے۔
 وہ فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے انوویشن اور انٹرپرینیورشپ پر بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا اہتمام ایف پی سی سی آئی نے ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا تھا۔
صدر عارف علوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ پاکستانی نوجوانوں کے کریٹیو ذہن ملک چھوڑ کر جائیں اور برین ڈرین کا باعث بنیں۔ اس کے بجائے وہ امید کرتے ہیں کہ تخلیقی ذہن پاکستان میں رہیں اور کاروباری منصوبوں کے ذریعے اس کی کامیابی میں حصہ ڈالیں ۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے اپنا استقبالیہ خطاب میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم کو تعلیمی اداروں کے ساتھ اس طرح کے صحت مندانہ تعاون کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں پاکستان کی کاروباری برادری علاقائی اور بین الاقوامی حریفوں کے مقابلے میں بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتی ہے اوریو نیورسٹیزصنعت کے حقیقی دنیا کے مسائل اور چیلنجوں سے متعلق قابل عمل حل فراہم کر سکتی ہیں۔
ایف پی سی سی آئی کے بین الاقوامی فورمز کے کنوینر امجد رفیع نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں اور بزنس سکولوں کے اشتراک سے ایسی مزید کانفرنسیں منعقد کرے گا۔ سلطان رحمان، کوآرڈینیٹر ہیڈ آفس ایف پی سی سی آئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایف پی سی سی آئی باہمی فائدہ مند انڈسٹری اکیڈمیا تعلقات استوار کرنے کے لیے فعال طور پر کام کر رہا ہے اور اس کا مقصد کاروباری اور معاشی مسائل کو حل کرنے کے لیے نئے راستے پیدا کرنا ہے۔
ڈاکٹر افضل حق، وی سی ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی نے کہا کہ اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر وہ پرامید ہیں کہ پاکستانی اکیڈمیا انڈسٹری کو مقامی طور پر منافع بخش حل تلاش کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے مشیر نقی اعظم نے کہا کہ کانفرنس ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ معروف بین الاقوامی اسکالرز اور کنسلٹنٹس نے پاکستان کی انوویشن اور انٹرپرینیورشپ صلاحیت کے بارے میں اپنی تجا ویزپیش کی ہیں ۔
کا نفر نس کے آخر میں شکریہ ادا کرتے ہوئے حنیف لاکھانی نائب صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک کی مشترکہ بھلائی کے لیے معاشرے کے مختلف طبقات اور صنعتی سیکٹرز کو اکٹھا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں۔کترینہ کیف کے روس میں سیر سپاٹے۔ ویڈیو وائرل