وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے قومی دن پر محمد بن سلمان کو مبارکباد

Sep 22, 2022 | 20:54:PM
وزیراعظم شہباز شریف، سعودی عرب، ولی عہد، محمد بن سلمان، ٹیلیفونک گفتگو،
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ وزیراعظم نے مملکت سعودی عرب کے 92ویں قومی دن کے موقع پر ولی عہد کو مبارکباد دی۔ انہوں نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے عوام کیلئے مبارکباد  پیش کی۔ انہوں نے سعودی عرب کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ 
وزیراعظم نے ولی عہد کو سیلاب کی صورتحال اور اس حوالے سے جاری امدادی اور بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین اور شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹرکی جانب سے  سیلاب  متاثرین کیلئے امدادی سامان کی ترسیل کیلئے ایئر بریج  کے قیام اور پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے عام لوگوں سے عطیات وصول کرنے کیلئے مملکت میں "سہیم" (Seham) پورٹل کے آغاز پر شکریہ ادا کیا۔ 
سعودی ولی عہد نے پاکستان میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے قیمتی جانوں اور لوگوں کے ذریعہ معاش کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں  نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے مملکت کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ 
وزیر اعظم نے پاکستان کیلئے سعودی مملکت کی مستقل حمایت کو سراہا اور ولی عہد کو دونوں برادر ممالک کے درمیان جاری اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافہ کے ساتھ ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری بھی شامل ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی لانگ مارچ؛ اسلام آباد کو نفری دینے کا معاملہ، آئی جی پنجاب کا کڑا امتحان