ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

Apr 22, 2023 | 16:48:PM
ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے
کیپشن: عید الفطر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیںمانگی گئیں جب کہ اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ۔

عید کے اس پُرمسرت موقع پرصدرمملکت عارف علوی نے قوم کو مبارکباد کا پیغام پیش کیا اور کہا کہ دعاگو ہوں عید ہمارے لیے امن و سلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے، رمضان المبارک ہمارے اندر تقویٰ، پرہیزگاری اور دوسروں کی تکلیف کا احساس پیدا کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت ملک کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے، ہم سب اپنے ملک کے لیے درد محسوس کر رہے ہیں، قوم کی توجہ معاف کرنے، رحم فرمانے والے رب کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرنے، درگزر کرنے کا حکم دیتا ہے، آج ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عیدالفطر پر اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزوں اور عبادات سے ہماری زندگی میں صبر، قناعت اور دوسروں کے احساس کا جو جذبہ پیدا ہوا عیدالفطر پر اس کے عملی اظہار کا بھی ایک موقع ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، یہ مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے۔ ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں، اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عید الفطر کے موقع پر پاکستانی عوام کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر امت مسلمہ کیلئے خوشیوں کا سب سے بڑا دن ہے، امت مسلمہ سمیت پاکستانیوں خصوصاً سندھ کے عوام کو عید الفطر کی خوشیاں مبارک، عیدالفطر کا تہوار اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی روایات کی علامت ہے،عید کا دن ایثار، ہمدردی اور خدمت خلق کا پیغام دیتا ہے،ہم اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں، ہمیں معاشرے کے محروم طبقوں کو ان خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے، نادار اور مستحق لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان

گورنر پنجاب نے ملت اسلامیہ اور پاکستانی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتےہوئے کہا کہ عید کا دن رمضان المبارک کے بابرکت ماہ کے بعد مسرت ،محبت ،اخوت اور باہمی اتفاق و اتحاد کا پیغام لے کر آتا ہے،روزہ سے پیدا ہونے والے اوصاف یعنی تزکیہ نفس، سادگی ، ایثار اور صبر و تحمل کو ہم اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں ،ہمیں ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہیئے، نفرتوں کو ترک اور محبتوں کو فروغ دینا چاہئے، بے سہارا اور ضرورت مند افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شر یک کریں۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عیدالفطر پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اہل ایمان کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں،نادار لوگوں کو خوشیوں میں شریک کرنااصل عید ہے، دین اسلام محروم معیشت طبقات کو خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتا ہے،وطن عزیز کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے وا لے شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں،شہداء کے اہل خانہ کو بھی عید پر یاد رکھنا چاہیے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ باہمی اختلافات کو بھلا کر اخوت و محبت کے جذبے کو فروغ دیا جائے، یہی عیدالفطر کا پیغام ہے،عید الفطر کا دن محبت اور باہمی اتفاق و اتحاد کا پیغام لے کر آتا ہے،رمضان المبارک میں کی گئی عبادتوں کا عید بہترین ثمر ہے،عید الفطر مسلمانوں کے لئے تشکر اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے،دعا ہے کہ اہل وطن کیلئے خوشی کے تہواروں کا سلسلہ تا ابد برقرار رہے،آج ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کیلئے دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا الیکشن ہوا تو وہ حکومت عام انتخابات پر اثر انداز ہو گی،پچھلے 74 سالوں سے پنجاب سے جو گلہ کیا جا رہا ہے اس میںاضافہ ہو گا،انڈیا اور دنیا کی مثالیں دی جاتی ہیں لیکن وہاں نگران سیٹ آپ کے تحت الیکشن نہیں ہوتے ، آئین میں ترامیم کے بعد ایک ہی دن صوبائی اور وفاقی اسمبلی کے الیکشن ہونا درج ہیں، عدلیہ کا بے پناہ احترام کرتے ہیں، چار ججز ایک بات کہتے ہیں 3 ججز کوئی اور بات کہتے ہیں،چیف جسٹس کے بینچ کے فیصلے متنازعہ ہو چکےہیں، اس بینچ کے فیصلوں پر سپریم کورٹ کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ قانون پاس ہونے سے پہلے اس کیخلاف سٹے آجائے ، تمام سیاسی جماعتوں کا مل بیٹھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، سب کو مل کر ملک و قوم کیلیے بیٹھنا ہو گا، 3 ممبر بینچ نے سیاسی جماعتوں کو چند گھنٹوں میں مذاکرات کا کہا ، عمران خان کی فطرت سیاستدانوں والی نہیں ہے، عمران خان بھی مجبور تھا کہ کوئی گفتگو کرے،عدالت عظمی نے سیاسی مذاکرات پر عجیب بات کی ، عدالت عظمی کے باعث مذاکرات کا عمل تناو کی طرف چلا گیا،پی ٹی آئی نے اس معاملے پر بھی سیاست کی،دعا گو ہیں ملک میں خوشحالی آئے اور مشکلات میں آسانی ہو ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک سے نفرت اور اوئے توئے کا کلچر ختم ہونا چاہئے، عمران خان اپنے کارکنوں کو دوسرے لوگوں کو چور ڈاکو کہنے کی تربیت دیتا ہے، یہ رویہ ملک کو کسی نقصان کی طرف لے جائے گا،جائز وجہ پر اسمبلی تحلیل ہونے پر 90 دن میں الیکشن ہونا آئین میں درج ہے، کسی کی جھوٹی انا کی خاطر اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کروانا مضحکہ خیز ہے ، 90 دن میں الیکشن کی رٹ لگائی جا رہی ہے،خیبر پختونخواہ کیلئے سپریم کورٹ کوئی نوٹس نہیں لے رہی، تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر الیکشن کی ایک تاریخ فائنل کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،مذاکرات کیلئے کھلی اور سازگار فضا ہونی چاہئے ،کوشش کریں گے 26 اپریل کو بیٹھ کر بات کریں ، سپریم کورٹ کے 16 ججز بیٹھ کر متفقہ فیصلہ کر لیں تو معاملہ نمٹ جائیگا،بطور وزیر داخلہ کہہ رہا ہوں 14 پندرہ دنوں میں الیکشن کی تیاریاں نا ممکن ہیں، الیکشن کے لیے 21 ارب کے معاملہ پر کابینہ نے بل پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا،پارلیمنٹ کی قرارداد کے مطابق حکومت ڈائریکٹ ادائیگی کا اختیار نہیں رکھتی۔

یوسف رضا گیلانی

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلمانوں کو عید مبارک باد پیش کرتا ہوں،عید کے موقع پر غرب لوگوں کو نہیں بھولنا چاہیے،جنہوں نے پاکستان کے لیے قربانیاںدی ان کو بھی نظر انداد نہیں کرنا چاہیے،اہل پاکستان کو بہت عیدالفطر کی مبارک باد پیش کرتا ہوں،ہمارا کام ہے گفتگو شنید کرنا،عید کےبعد اجلاس ہوگا،26 تاریخ کو ہو گا۔

شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے تمام اہل اسلام کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بڑے عرصے کے بعد امت میں تناؤ بہتری کی طرف کم ہوا ہے ، سعودی عرب، ایران اور دیگر ممالک کے تعلقات میں گرم جوشی دیکھائی دے رہی ہے ، بڑے عرصے بعد مسلم امہ یکجا ہورہی ہے ،او آئی سی کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں، جی او سی بھارت میں ہونے جارہی ہے بلاول اور شہباز شریف بھی جائیں گے ،امید کرتے ہیں کہ دونوں سربراہان بھارت میں مقبوضہ کشمیر کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔

سراج الحق

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلمانوں کو عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں ،ملک میں ابھی سیاسی ، آئینی اور معاشی بحران موجود ہے ،پاکستان کے ادارے بھی دست وگریبان دیکھائی دے رہے ہیں ،جماعت اسلامی کا مقصد پاکستان میں دین اسلام کا نفاظ لانا ہے ،پاکستان کی آزادی سے لے کر آج تک ایک نہیں ہوسکے ،ہماری عدالتوں میں انصاف نہیں ، الیکشن کمیشن شفاف نہیں ،غریب کے لئے عدل و انصاف کے لئے دروازے بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کی دفعات پر حکمران عمل کرتے ہیں جس پر انکا مفاد ہو، آئین کی دفعات پر عمل نہیں میں کیا جاتا جو سود ، رشوت خوری کے خلاف ہو ،الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ الیکشن 14 مئی کو ہوں گے،لیکن الیکشن کی بجائے مجھے انتشار ہوتا ہوا نظر آرہا ہے،الیکشن کمیشن کی جانب سے 90 روز میں الیکشن کروانا تھا ، لیکن آج ایک سو ایک دن گزر گئے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام صوبوں میںایک ساتھ الیکشن ہونے چاہیے ۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی بھی اس الیکشن میں حصہ لینا چاہتی ہے ،ایک تاریخ مقرر کرنے کے بعد صاف شفاف الیکشن ہونے چاہیے ،میری دیگر سیاسی جماعتوں سے ملاقات ہوئی ہے ،وہ سب چاپتے ہیں پاکستان اس معاشی بحران سے نکلے ، لیکن تمام سیاسی جماعتوں کی رضا مندی سے تاریخ مقرر ہونی چاہیے،عید کے بعد دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقات کریں گے،الیکشن مقرر تاریخ پر کروانے کے لئے سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے۔

شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک بھر کے مسلمانوں کو رمضان کے روزے کی اور عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عید کے دن امن و محبت کی بات کرنی چاہیے، ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ کیسے ایک قوم بن کر اپنے ملک کے لیے بہتر پالیسی بناسکیں، جو غلط کلچر شروع ہوا اسے ہم نے ختم کرنا ہے، وزیراعلی نے آئی جی سندھ کو سختی سے سندھ بھر میں منشیات کے خاتمے کا کہا ہے،عید کے فوری بعد حیدرآباد میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے جارہے ہیں،جس جس جگہ منشیات کی موجدگی کی اطلاع ملے گی فوری طور پر پولیس ایکشن ہوگا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کو اس مہم میں شامل کریں گے،حیدرآباد ایک مثالی شہر بنے گا اور سندھ کے دوسرے شہر اسکو فالو کریں گے، ایک سیاسی جماعت کو 2018 میں خصوصی طور پر لاڈلا بنا کر پیش کیا گیا، آج بھی اس سیاسی جماعت کےلئے غیر آئینی اور جبری راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس ملک میں سب سے زیادہ سپریم پارلیمنٹ ہے،پارلیمنٹ کے اوپر کوئی سپریم اور اعلیٰ نہیں، اسے کوئی ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا۔

خرم دستگیر خان

وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل اسلام اور پورے پاکستان کو عید مبارک ،پچھلے ایک سال میں ملک کو عذاب عمرانی کے گھڑے سے نکال دیا ہے،چند ہفتوں میں میاں نواز شریف کی واپسی متوقع ہے، نوازشریف کی آمد سے پاکستان میں ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہو گا،پاکستان میں مشکل کے دن ختم ہو رہے ہیں اچھے دن آ رہے ہیں۔