الیکشن جیتے تو آزادکشمیر کا وزیراعظم بننا چاہوں گا،نوازشریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کی خواہش کااظہار کر دیا،ان کاکہناتھاکہ الیکشن جیتے تو آزادکشمیر کا وزیراعظم بننا چاہوں گا،میں وزیراعظم نہ بن سکا تو ہر 3 ماہ بعد آزاد کشمیر کے علاقوں کا دورہ کیا کروں گا۔
مظفرآباد میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ کشمیر کےساتھ میرا دلی لگاؤ ہے ،آزاد کشمیر، اسلام آباد اور پنجاب سب میرے لیے یکساں عزیز ہیں، میرے لیے آزادکشمیر اتنا ہی اہم ہے جتنا پنجاب،آزاد کشمیر میرا دوسرا گھر ہے ،میرے بزرگ کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں، کشمیر سے میرا گہرا رشتہ ہے، بہت عرصے کے بعد آپ سے ملاقات ہورہی ہے، عوام کی محبت میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، میں مظفرآباد سے بہت پیار کرتا ہوں،میں آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے بہت پیار کرتا ہوں،کشمیر کے عوام سے میرا دل دھڑکتا ہے،
ان کاکہناتھا کہ دریائے جہلم کےساتھ ساتھ مانسہرہ سے مظفرآباد تک موٹروے بننی چاہیے، اگر آزاد کشمیر میں میری حکومت بنی تو یہاں کے سارے مسائل حل کروں گا ، کوہالا سے مظفر آباد تک کوئی موٹر وے کیوں نہیں بن سکی ، مریم نواز کے ہمراہ سفر کے دوران کوہالہ سے مظفر آباد تک سڑکوں کی ابتر صورتحال دیکھی، پاکستان میں موٹرویز کا جال بچھ گیا ہے لیکن مظفر آباد میں جدید شاہرائیں کیوں نہ بن سکیں؟ فاروق حیدر کے دور میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کی تھیں۔
نواز شریف نے مانسہرہ سے مظفر آباد اور میرپور تک جدید ترین موٹروے بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ دریائے جہلم کے ساتھ ساتھ بننے والی موٹروے آزاد کشمیر کا نقشہ بدل دے گی، مانسہرہ تا آزاد کشمیر موٹروے منصوبہ کشمیری عوام کے لیے مسلم لیگ ن کا تحفہ ہے،
مریم نواز نے بھی مظفرآباد شہر کو خوبصورت قرار دیا، مظفرآباد کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے اقدامات ہونے چاہئیں، مریم کوکہا ہے جو پنجاب میں کررہی ہو ویسا ہی مظفرآباد میں بھی کرو۔نواز شریف نے مریم نواز کو مظفرآباد کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج لانے کی ہدایت کی، ان کاکہناتھا کہ مریم نواز پنجاب میں زبردست محنت کر رہی ہیں، ان کے پاس وسیع منصوبے ہیں، آزاد کشمیر کا وزیراعظم بن کر خطے کی خدمت کرنے کی دلی خواہش ہے، انتخابی کامیابی کے بعد آزاد کشمیر کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائیں گے۔
صدر ن لیگ کاکہناتھا کہ الیکشن جیتے تو آزادکشمیر کا وزیراعظم بننا چاہوں گا،میں وزیراعظم نہ بن سکا تو ہر 3 ماہ بعد آزاد کشمیر کے علاقوں کا دورہ کیا کروں گا، ان کا کہناتھا کہ مظفرآباد میں 15 موبائل ہسپتال بھیجیں گے ،مظفرآباد کیلئے 10 گرین لائن بسیں بھیجیں گے ،نوازشریف کاکہناتھا کہ ہمیں حکومت ملی تو پچھلی ساری کسریں نکال دیں گے ، میں اپنے عوام کو اس حال میں نہیں دیکھ سکتا، حکومت ملی تو آزادکشمیر کا بجٹ 10 گنا بڑھائیں گے ، اللہ کے فضل سے جو میں کہتا ہوں اسے پورا کرتا ہوں ۔
نواز شریف نے آزاد کشمیر کے دوروں کا اعلان اور ہر 3 ماہ بعد جائزہ لینے کا وعدہ کرتے ہوئے کہاکہ آزاد کشمیر کی قیادت کے ساتھ ملکر منشور پر عملدرآمد کا جائزہ لیتا رہوں گا، کامیابی کے بعد وزیراعظم کو ساتھ لے کر آزاد کشمیر کے چپے چپے کا دورہ کروں گا، جو وعدہ کرتا ہوں اسے پورا کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
صدر ن لیگ نے کہاکہ بارش میں جلسے میں شریک عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی کام ہونا چاہیے، مریم نواز آزاد کشمیر کے عوام کے لیے کیا تحفہ لائی ہیں، عوام کو بتائیں،۔