آسٹریلیاکے ہاتھوں بدترین شکست، بھارت میزبانی کے آداب ہی بھول گیا

Nov 20, 2023 | 15:37:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسنین محی الدین) سوشل میڈیا پر  بھارتی کرکٹ بورڈ کو لیکر خوب بحث ہو رہی ہے اور یہا ں تک کہا جا رہا ہے کہ بھارت اپنے ہی گھر میں آسٹریلوی ٹیم کے ہاتھوں  فائنل میں بد ترین شکست سے بوکھلا گیا اور پریزنٹیشن کے آداب ہی بھول گیا ، کچھ لوگ تو    نریندر مودی کےفوراًسٹیج سے اتر جانے پر بی سی سی آئی  کو آڑے ہاتھوں لے رہےہیں ۔

غیر ملکی اخبار’’ڈیلی میل ‘‘کے مطابق آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنزنے اب تک کی سب سے عجیب پریزنٹیشن کا سامنا کرتے ہوئے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی ہے اور اس دورا ن انہیں شدید شرندگی کا بھی سامنا کرنا پڑا، واضح رہے کہ گزشتہ روز  آسٹریلیا نے بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں  بھارت کو   ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں6 وکٹوں سے شکست دے دی ۔

لیکن آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو اس وقت شدید شرمندگی اور الجھن کا سامنا کرنا پڑا جب ورلڈ کپ ٹرافی پریزنٹیشن کے دوران  بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی  بنا  مصافحہ کیے انہیں اکیلا سٹیج پر چھوڑ کر نیچے اتر گئے اور پھر سیدھا سٹیڈیم سے گھر  چلے گئے ، سامنےآنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کمنز حیران دکھائی دے رہے تھے کیونکہ انہیں ٹرافی تھما کر ڈائس پر عجیب و غریب انداز میں کھڑے ہونے کے لیے اکیلا چھوڑ دیا گیا تھا جب اس کے پیچھے آتش بازی چل رہی تھی، اس 30 سیکنڈ سے زائد وقت میں آسٹریلوی کپتان شرمندگی کے مارے  ارد گرد دیکھتے رہے لیکن ان کے دوست سٹیج سے نیچے سیاستدانوں سے مصافحہ کر رہے تھے۔

کرکٹ ایکسپرٹ ’’پیٹر ڈیلا پینا ‘‘نے لکھا کہ ورلد کپ کی ٹرافی پریزنٹیشن دنیا کی عجیب ترین ٹرافی پریزنٹیشن تھی ، انہوں نے ساتھ ہی وجہ بھی بتائی اور کہا کہ جب مودی سٹیج پر ٹرافی تھمانے کیلئے آئے تو مینجمنٹ نے 99 فیصد آتش بازی اسی وقت ضائع کر دی یہاں تک کہ آسٹریلوی کپتان سٹیج پر اکیلے کھڑے ہیں اور سٹیج کے پیچھے آتش بازی اسی ذور شور سے جاری تھی ۔


سوشل میڈیا صارفین نریندر مودی مہمان اور چیمپئن ٹیم کیساتھ اس رویئے کو خوب برا بھلا کہہ رہے ہیں اور ان کے اس رویئے کی ویڈیو کیساتھ ساتھ  پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ 1996  کی پریزنٹیشن  کو شیئر کر رہے ہیں اور دونوں کا آپس میں تقابلی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے ، سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 1996 ورلڈ کپ کے اختتام پر اس وقت پاکستان کی وزیر اعظم  محترمہ بینظیر بھٹو شہید  نے سٹیج پر آکر سری لنکن کپتان ارجنا راناٹنگا کو فاتح ٹرافی پیش کی اور ساتھ میں مبارکبادی کلمات بھی پیش کیے ۔ 

سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو خوب شیئر کر رہے جبکہ ساتھ میں کیپشن دیا جا رہا ہے کہ ’’دیکھو ایسے فاتح ٹیم کو عزت دی جاتی ہے ‘‘۔

ایک صارف نے سیدھا سیدھا مودی کو کہا کہ یہ کس قسم کا رویئہ ہے اگر ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہے ہو تو اپنے رویئے میں سدھار پیدا کرو، اگر تم نہیں جیت سکے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ تم فاتح ٹیم کیساتھ اس طرح کا رویہ اپناو۔