لاہورجنرل ہسپتال میں 23لاکھ مریضوں کا بغیر پرچی فیس علاج ہوا: پروفیسر فاروق افضل

 2024 کے مقابلے میں مریضوں کی تعداد میں 3 لاکھ 65 ہزار 57 کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا

Jan 17, 2026 | 16:09:PM
لاہورجنرل ہسپتال میں 23لاکھ مریضوں کا بغیر پرچی فیس علاج ہوا: پروفیسر فاروق افضل
کیپشن: پرنسپل پروفیسر فاروق افضل اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی’’صحت سب کیلئے ‘‘پالیسی پر مؤثر اور مربوط عملدرآمد کے نتیجے میں لاہور جنرل ہسپتال میں گزشتہ سال ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر 23 لاکھ 24 ہزار 166 مریضوں کو بغیر کسی پرچی فیس کے  طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
 پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ایل جی ایچ کی 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 2024 کے مقابلے میں مریضوں کی تعداد میں 3 لاکھ 65 ہزار 57 کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
 انہوں نے صوبے کے دیگر ہسپتالوں سے ریفر ہو کر آنے والے مریضوں کے مکمل اور شفاف ریکارڈ کی تیاری پر ڈاکٹر انعم بتول کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اورکہاکہ ایسے اقدامات سے نہ صرف ہسپتال کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ عوام کو بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کے حکومتی وژن کو بھی مزید تقویت حاصل ہوگی۔
 پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان کی پالیسی رہنمائی میں لاہورجنرل ہسپتال میں سینئر کنسلٹنٹس کی بروقت دستیابی، معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے۔
ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو تینوں وقت کا معیاری کھانا بھی مہیا کیا جاتا ہے تاکہ دور دراز سے آنے والے لوگوں کو قیام کے دوران روٹی کے لیے اضافی اخراجات برداشت نہ کرنا پڑیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور کی نجی یونیورسٹی کی طالبہ پنز سے ڈسچارج ہوگئی
ہسپتال رپورٹ کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران 1 لاکھ 14 ہزار 382 مختلف نوعیت کی چھوٹی بڑی سرجریز کی گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 15 ہزار سے زائد ہیں جبکہ اسی عرصے میں 84 ہزار 316 مریضوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا جو 2024 کی نسبت 8 ہزار 456 کے اضافے کی عکاسی کرتا ہے، بریسٹ کلینک میں 5 ہزار 755 مریضوں کا معائنہ کر کے انہیں مکمل اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جنرل ہسپتال میں مریضوں کو جدید، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کا عمل مستقبل میں بھی مزید شفاف انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین اور دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔