شوکت ترین اور شبلی فراز نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھا لیا

Apr 17, 2021 | 17:07:PM
شوکت ترین اور شبلی فراز نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھا لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کے بعد دو وزرا نے حلف اٹھا لیا۔ شوکت ترین نے وفاقی وزیر خزانہ اور سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکالوجی کا حلف اٹھایا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں وفاقی وزرا کی حلف برداری تقریب ہوئی، جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز اور شوکت ترین سے حلف لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ سینیٹر شبلی فراز کو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بنایا گیا تھا جبکہ حماد اظہر سے وفاقی وزیر خزانہ کا عہدہ سے لیکر شوکت ترین کو تفویض کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں کارکردگی بہتربنانے کیلئے کی گئی ہیں 6 مہینے میں شوکت ترین کو قومی اسمبلی یا سینیٹ کا رکن بننا ہوگا کیوں کہ وزیراعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی بھی شخص کو 6 ماہ کے لئے وزیر مقرر کرسکتے ہیں اور انہی اختیارات کے تحت شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں لہٰذا مستقبل میں انہیں سینیٹر بنانے یا الیکشن لڑانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کی حکومت میں ایک مرتبہ پھر وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلی کردی گئی اور تقریباً پونے 3 سال کے عرصے میں چوتھا وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں رد و بدل کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین کو وزارت اطلاعات و نشریات جبکہ شوکت ترین کو وزارت خزانہ و ریونیو کاقلمدان سونپ دیا ہے۔
 نوٹیفکیشن کے مطابق محمد حماد اظہر وفاقی وزیر برائے توانائی ، مخدوم خسروبختیار وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور سید شبلی فراز وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ہوں گے جبکہ عمر ایوب خان کو وفاقی وزیربرائے اقتصادی امور کا قلمدان دیا گیا۔
سابق وزیر خزانہ حماد اظہر سے صرف 18 روز بعد وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیا گیا اور انہیں وزیر توانائی بنایا گیا ہے جبکہ وزیر اطلاعات کا قلمدان ملنے کے بعد فواد چوہدری نے وزارت سائنس وٹیکنالوجی کا چارج چھوڑدیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جعلی کورونا سرٹیفکیٹ پر بیرون ملک جانیوالے 3 مسافر گرفتار