کراچی میں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہوگی: کامران خان ٹیسوری

Jul 16, 2023 | 23:01:PM
کراچی میں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہوگی: کامران خان ٹیسوری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کراچی میں 300 تندور لگائے جائیں گے جہاں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہو گی۔

گورنر ہاؤس سندھ میں انفارمیشن ٹیکنا لوجی کے کورسز میں داخلہ کے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد ہوا جس میں 10 ہزار امیدواروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امیدواروں کا استقبال کیا۔ ایم کیو ایم کے کنوینیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،سینیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال،سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی ، عارف حبیب ، فرخ حمید گوڈیل، سر ضیااللہ خان اور گورنر سندھ کے آئی ٹی پروگرام کے سی ای او دانیال ناگوری کے علاوہ متحدہ عرب امارات، اومان، ایران، بحرین ، قطر، انڈونیشا، ملائشیا، جرمنی ، فرانس اور روس کے قونصل جنرلز، سیاسی و سماجی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: شدید بارش، کڑاکے کی گرمی، قیمتوں میں اضافہ لیکن کسان کے وارے نیارے ہو گئے

تقریب سے خطاب کرتےہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یواے ای کے قونصل جنرل کا بہترین کامیاب امیدوار کو نوکری دینے کا وعدہ خوش آئند ہے ، کراچی کا چہرہ کلاشنکوف نہیں، قلم پکڑے یہ نوجوان ہیں،  گورنر ہاس کو کسی اور نے یونیورسٹی بنانے کا دعوی کیا تھا، اس دعوے کو عملی جامہ آج پہنایا جارہا ہے، یہاں لگائی گئی کرسیاں کسی سیاسی جلسہ کے لئے نہیں بلکہ نوجوانوں کے لئے ہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کا مستقبل آج یہاں ٹیسٹ دینے کے لئے موجود ہے، کراچی کا چہرہ کلاشنکوف نہیں بلکہ قلم پکڑے یہاں موجود نوجوان ہیں، کامیاب امیدوار آرٹیفیشل انٹیلی جنس، میٹا ورس اور ویب تھری کی تربیت مکمل کرکے اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں گے، گورنر ہاس مکمل طور پر ایک جامعہ کی شکل میں کامیاب امیدواروں کو تربیت فراہم کرے گا، پہلے دن سے عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کرنے کا عزم کیا تھا۔

گورنر سندھ نے آئی ٹی پروگرام میں بھرپور تعاون پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی کی بدولت یہ آئی ٹی پروگرام شروع ہوسکا ہے، یو اے ای کے قونصل جنرل کا بہترین کامیاب امیدوار کو نوکری دینے کا وعدہ خوش آئند ہے جبکہ پاکستان کے سوفٹ وئیر ہاؤسز سے متعدد اجلاس کئے ہیں، وہ کامیاب نوجوانوں کو 5 لاکھ کی ملازمت دینے کو تیار ہیں امید کی گھنٹی اور راشن کی تقسیم کے بعد آج آئی ٹی کورس کے ٹیسٹ کے انعقاد سے عوام کی فلاح و بہبود کا ایک اور منصوبہ شروع ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقتدار کی کرسی نگران حکومت کو کب سونپی جائے گی؟ وزیر اعظم نے بڑا اعلان کر دیا

گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں آئے ہوئے قونصل جنرلز اور دیگر مہمانان گرامی کا مشکور ہوں، آج ہم سب اس غیر معمولی واقعہ کے عینی شاہد بن گئے ہیں، ویب سائٹ سے رجسٹرڈ ہونے والے دیگر امیدواروں کو ان کے ٹیسٹ کی تاریخ سے ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، بعد ازاں گورنر سندھ نے بھی آئی ٹی ٹیسٹ میں شمولیت کی اور کامیاب ہونے کی صورت میں ناکام ہونے والے کسی ایک طالب علم کو گفٹ کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں 300 تندور لگائے جائیں گے جہاں روٹی 2 روپے میں دستیاب ہو گی۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں گورنر سندھ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صرف وہ ایسا کرسکتے تھے، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا جو عزم کیا ہے اس میں ضرور کامیاب ہوں گے، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی ،سر ضیااللہ خان، گورنر سندھ کے آئی ٹی پروگرام کے سی ای او دانیال ناگوری نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔