یونان: کشتی ڈوبنے سے 79 تارکین وطن ہلاک، درجنوں لاپتہ

Jun 15, 2023 | 12:45:PM
مچھلیاں پکڑنے والی ایک کشتی جس پر بڑی تعداد میں تارکین وطن سوار تھے، بدھ کے روز یونان کے ساحل کے قریب الٹ کر ڈوبنے سے کم از کم 79 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہو گئے۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) مچھلیاں پکڑنے والی ایک کشتی جس پر بڑی تعداد میں تارکین وطن سوار تھے، بدھ کے روز یونان کے ساحل کے قریب الٹ کر ڈوبنے سے کم از کم 79 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہو گئے۔ 

حکام کے مطابق یہ حادثہ یونان کے جنوبی جزیرہ نما پیلوپونیس سے تقریباً 75 کلومیٹر دور بحیرہ روم کے بین الاقوامی پانیوں میں پیش آیا۔ کشتی ڈوبنے کے بعد سے اب تک 104 افراد کو بچایا جا چکا ہے۔

یونان کے سرکاری ٹی وی ای آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق بہت سی خواتین اور بچے اس حادثے میں جان سے چلے گئے یا تاحال لاپتہ ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کشتی میں 750 افراد سوار تھے۔

سمندر سے اب تک 79 لعشیں نکالی جا چکی ہیں۔ زندہ بچ جانے والوں کو خشک کپڑے اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور انہیں اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کی قائم کردہ پناہ گاہوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔

لاپتہ ہونے والوں کو سمندر میں تلاش کیا جا رہا ہے جس میں یونانی کوسٹ گارڈ کے چھ جہاز، بحریہ کا ایک فریگیٹ، ایک ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ، فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر، کئی نجی جہاز اور فرنٹیکس کا ایک ڈرون حصہ لے رہے ہیں۔