وزیراعظم شہباز شریف غزہ بورڈ آف پیس اجلاس میں شریک ہوں گے: ترجمان دفتر خارجہ کی تصدیق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ بورڈ آف پیس اجلاس میں شریک ہوں گے، اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ غزہ بورڈ آف پیس اجلاس میں شرکت کریں گے،کرکٹ میں سیاست ملوث کرنا یا اس کو ہتھیار بنانا افسوسناک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان بین الاقوامی ثالثی عدالت میں بھارت کے خلاف قانونی کارروائی کر رہا ہے، لیکن بھارت نے حاضری نہیں دی، انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک مسلمہ بین الاقوامی معاہدہ ہے اور پاکستان اپنے پانی کے حقوق پر کسی سمجھوتے کو قبول نہیں کرے گا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی میں ہجوم کے ہاتھوں قتل اور مسلمانوں و مسیحیوں پر مظالم تشویشناک ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں افغانستان اور دہشتگرد گروہوں کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی تصدیق ہوئی ہے،پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف اقدامات کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غزہ پیس بورڈ اجلاس کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں شرکت کریں گے اور 8 مسلم ممالک کی آواز اس اجلاس میں سنی جائے گی، پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے کی ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کے عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں نرخ، فی تولہ قیمت کتنی ہوگئی؟
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کے کئی رافیل طیارے گرائے اور مستقبل میں بھارتی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا، اسلام آباد میں داعش کے حملے کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھایا جا رہا ہے اور داعش کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے۔
کرکٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ کھیل کو سیاست کا ہتھیار بنانے کی کوشش غلط ہے، اور پاکستان نے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے ساتھ میچ کھیلنے کا فیصلہ کھیل کے اصولوں کے مطابق کیا۔
انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی حمایت کی اور کہا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے پرامن حل کی کوششیں جاری رکھے گا۔