ڈسکہ دھاندلی۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسراور ریٹرننگ آفیسر کوایس ڈی او بنادیا گیا 

Nov 08, 2021 | 20:46:PM
افسر۔او ایس ڈی۔اجلاس ۔ضمنی الیکشن
کیپشن: الیکشن کمیشن آفس۔فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)ا این اے 75ڈسکہ انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی اور بد انتظامی کے حوالے سے انکوائری رپورٹ میںڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسراور ریٹرننگ آفیسر انتظامی کوتاہی کے مرتکب پائے گئے۔جس پردونوں آفیسروں کو اوایس ڈی بنا دیا گیا ۔
 پیر کو الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ارکان الیکشن کمیشن نثار احمد درانی ، شاہ محمود جتوئی ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئرر افسروں نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن نے این اے 75 سیالکوٹ (ڈسکہ )کے حوالے سے دو انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی تھیں ۔پہلی کمیٹی تمام انتظامی افسروںکے خلاف انکوائری کےلئے تشکیل دی گئی جو سعید گل جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر ،مسٹر ماجد شریف ڈوگر ریجنل الیکشن کمشنر گوجرانوالہ اورمسٹر مجاہد شیردل سپیشل سیکرٹری محکمہ فنانس گورنمنٹ پنجاب پر مشتمل تھی ۔ اس کمیٹی کا مینڈیٹ پولنگ کے دن ڈیوٹی میں غفلت ،جس کی وجہ سے بدامنی اورامن وامان کی خلاف ورزی ہوئی ، سامان کی حفاظتی حصار میں ریٹرننگ آفیسر کے دفترسے ترسیل اور واپسی کے ذمہ دار افسروں اور اس کے علاوہ ایسے افسروں کا تعین کرنا تھا جنہوں نے قانو ن کی خلاف ورزی کی تاکہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
دوسری کمیٹی ایسے پریذائیڈنگ افسروںو ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی سٹاف جو انتخابات کی رات کو غائب ہوئے اور اگلے روز تاخیر سے مورخہ 20فروری 2021کی صبح کو ریٹرننگ افسر کے دفتر میں آئے کے حقائق جاننے کے لئے قائم کی گئی تھی یہ کمیٹی انکوائری افسر سعید گل جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پر مشتمل تھی۔ انکوائری آفیسر کا مینڈیٹ یہ تھا کہ وہ کسی ایکسپرٹ ادارے کی معاونت حاصل کر ے اور forensics کا حصول ممکن بنائے تاکہ پتہ لگایا جاسکے کہ پریذئیڈنگ افسروں نے کہا ں پر قیام کیا جس کی وجہ سے رزلٹ میں تاخیر ہوئی اور وہ ریٹرننگ افسر کے سامنے 20 فروری 2021کو پولنگ سامان لے کر تاخیر سے کیوں پیش ہوئے۔دونوں انکوائری رپورٹس الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر(DRO) اور ریٹرننگ آفیسر(RO) کی انتظامی کوتاہی کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں آفیسروں کو الیکشن کمیشن رپورٹ کروا کر اوایس ڈی بنا دیا گیا ہے تاکہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں انکے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے سکے ۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ دونوں انکوائر یوں میں ذمہ قرار دیئے جانے والے افسروں اور ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنائی گئی جس میں سپیشل سیکرٹری ، ڈی جی لا، ڈائریکٹر ایچ آر اور ڈی ڈی لاءشامل ہونگے جو کہ الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔ یہ کمیٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں کام کرے گی۔ الیکشن کمیشن انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف محکمانہ انضباطی کارروائی یا فوجداری کارروائی یا دونوں کارروائیوں کا آغاز کرے گا۔ اس سلسلے میں کمیشن کا آئندہ اجلاس 7دن کے بعد ہوگا۔