خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری سے حادثات، وزیراعلیٰ کا متاثرین کیلئے معاوضوں کا اعلان

Mar 04, 2024 | 11:42:AM
خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری سے حادثات، وزیراعلیٰ کا متاثرین کیلئے معاوضوں کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عامر شہزاد) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کردیا جبکہ شدید زخمیوں کو تین، تین لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے متاثرین کیلئے معاوضوں کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ریلیف سے رابطہ کرکے متاثرین اور نقصانات کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات اکھٹی کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک دیے جائیں گے، شدید زخمیوں کو تین، تین لاکھ جبکہ معمولی زخمیوں کو 50، 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر صاف پنجاب پروگرام کا آغاز

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ان حادثات میں مالی نقصانات کیلئے بھی معاوضے دیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ ڈویژنل کمشنرز سے بھی رابطہ کیا اور متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان حادثات کی وجہ منہدم ہونے والے گھروں کے مالکان کو عارضی رہائش گاہ، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

ان حادثات کے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکوں کی بحالی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں، مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے۔