غزہ میں قیامت سے پہلے قیامت، مزید 377 فلسطینی شہید، تعداد 8000 سے تجاوز کرگئی

Oct 30, 2023 | 09:25:AM
غزہ میں قیامت سے پہلے قیامت، مزید 377 فلسطینی شہید، تعداد 8000 سے تجاوز کرگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)غزہ میں قیامت سے پہلے قیامت، ہرطرف غم ہی غم ،شہدا کی لاشیں اورچیخ و پکار،صیہونی فورسز کے حملوں میں مزید 377 فلسطینی شہید، تعداد 8000 سے تجاوز کرگئی ۔

عالمی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق حماس اور سرائیل میں کئی روز سے جنگ جاری ہے،اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں اب تک شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔شہدا ء میں  3600 سے زائد بچے اور 1800 خواتین شامل ہیں، اب تک 22 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے،خان یونس میں ایک گھر پر حملے میں 13 فلسطینی شہید ہوگئے،اسپتالوں میں میڈیکل اسٹاف اور ادویات کی قلت برقرار ہے۔

دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیل کے اہم ترین شہر دیمونا کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔اسرائیل کے صحرائے نقب میں واقع دیمونا شہر خفیہ حساس جوہری تنصیبات کی وجہ سے اہم ہے۔

پاکستانی نجی ٹی وی کی ٹیم نے بھی عبرانی میڈیا کے حوالے سے تصدیق کی کہ ہے حماس نے دیمونا شہر کو نشانہ بنایا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا حماس کے حملے میں صیہونی فورسز یا حساس جوہری تنصیبات کو کسی قسم کا نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی میں شریک ایک فوجی ٹرک کو بھی تباہ کر دیا ہے جبکہ حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوجی قافلے اور چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا ہے۔

 اسرائیلی فوج نلے غزہ کے شہریوں کو ایک بار پھر جنوب میں منتقل ہونے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوب میں غزہ کے شہری پانی، خوراک، ادویات حاصل کر سکیں گے۔اسرائیلی فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ کل سے امریکا اور مصر کی غزہ کیلئے انسانی امداد کی کوششوں کو بڑھایا جائے گا، اسرائیل کی لڑائی غزہ کے لوگوں سے نہیں، حماس کے ساتھ ہے۔

ضرورپڑھیں:امریکہ: فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں کو ٹرمپ کی دھمکی  

فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے ترجمان ابو عبیدہ نے غزہ کے شہریوں کو اپنے ساتھ کھڑے رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شہری اس معاملے کو فیصلہ کن معرکی سمجھیں، فتح ہماری ہی ہو گی۔صیہونی حکومت قیدیوں کی بخیریت رہائی کی ذمہ دار ہے، وزیراعظم نیتن یاہو تمام قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوششیں کریں۔

اس کے برعکس اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ کے نئے مرحلے کا اعلان کیا ہے اور غزہ پر حملوں کو آزادی کے لیے دوسری جنگ قرار دیدیا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری زمینی کارروائیاں جنگ کا دوسرا مرحلہ ہے، غزہ پٹی کے اندر جنگ مشکل اور طویل ہوگی۔

اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو  نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ  ہمیں حماس کو ہر صورت شکست دینی ہے کیونکہ یہ ہمارے لیے وجود کا امتحان ہے۔ ایران حماس کی حمایت کرتا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ حماس کے فوجی بجٹ کا 90 فیصد ایران سے آتا ہے، ایران حماس کو فنڈز دیتا ہے، منظم کرتا ہے اور ہدایات بھی جاری کرتا ہے۔